حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

ڈالر اور عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے باجود پٹرول سستا نہ ہوا، وفاقی حکومت نے پٹرول سستا کرنے کی اوگرا کی سمری مسترد کر دی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 اکتوبر 2022 22:05

حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اکتوبر 2022ء) حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اوگرا کی سمری مسترد کرتے ہوئے رواں ماہ کے بقیہ ایام کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا کی جانب سے پٹرول سستا کرنے کی سفارش کی گئی تھی، تاہم ڈالر اور عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے باجود وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کی سفارش کی گئی تھی، جبکہ دیگر پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی۔ اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف سے مشاورت ہوئی جس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے ہفتے کے روز مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کیلئے پھونک مروانے حضرت کی خدمت میں حاضر ہوں گا، مولانا فضل الرحمان نے پچھلی بار پھونک ماری تواسحاق ڈار آگیا،جب تیل کی قیمت کم کرنی ہوتی تو مجھے نیند نہیں آتی کہ کہیں ڈالر یا خام تیل کی قیمتیں نہ بڑھ جائیں، یہ جادو ٹونے کی بات نہیں ،ویسے حضرت اگر خاص طرف چہرہ کرکے پھونک ماردیں توسارا معاملہ ہی حل ہوجائے۔

جبکہ واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈان اخبار میں شائع ہونے والی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر میں چودہ فیصد اضافے سے اگر موجودہ ٹیکس کی شرح برقرار رہی تو 15 اکتوبر کے بعد آئندہ پندرہ دن کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں تقریباً 11 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ تاہم اب حکومت نے پٹرول مزید سستا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت میں ملک میں پٹرول کی قیمت 224 روپے 80 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 235 روپے 30 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 186 روپے 50 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 191 روپے 83 پیسے ہے، یہ قیمتیں 31 اکتوبر تک برقرار رہیں گی۔