سندھی ادبی بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا تعارفی اجلاس چیئرمین مخدوم سعید الزماں عاطف کی زیر صدارت ہوا

اجلاس میں سندھی ادبی بورڈ کے آئین اور مالی سال 23-2022 کی سالانہ بجٹ متفقہ طور پر منظور کی گئی

منگل 25 اکتوبر 2022 21:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2022ء) سندھی ادبی بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا تعارفی اجلاس چیئرمین مخدوم سعید الزماں عاطف کی زیر صدارت ہوا جس میں بورڈ آف گورنرز کے ممبران سید شبیر شاہ "ہاتف"، ڈاکٹر در محمد پٹھان،ڈاکٹر کریم خواجہ، سرفراز رراجڑ، ڈاکٹر اسد جمال پلی، میڈم نذیر ناز اور میڈم ممتاز بھٹو شریک ہوئے، ڈاکٹر نواز علی شوق اور ڈاکٹر مہیش کمار ملانی ذاتی مصروفیات کے باعث اجلاس میں شریک نہ ہو پائے، اجلاس میں سندھی ادبی بورڈ کے آئین اور مالی سال 23-2022 کی سالانہ بجٹ متفقہ طور پر منظور کی گئی، اس کے بعد سیلاب متاثرہ قلم کاروں کی امداد کے لیے بورڈ آف گورنرس نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد سے جلد ایک مخصوص فنڈ قائم کرکے متاثرہ ادیبوں ، شاعروں، سگھڑوں اور فنکاروں کی مالی امداد کی جائے۔

(جاری ہے)

درایں اثناء چیئرمین مخدوم سعید الزماں عاطف نے سندھی ادبی بورڈ کے ملازمین کے ساتھ میٹنگ کی جس میں بورڈ کے تمام ملازمین نے شرکت کی۔ تمام ملازمین نے چیئرمین مخدوم سعید الزماں عاطف سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی زیر سرپرستی ادارے کی بہتری اور ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ مل جل کر کام کرنے کا اعادہ کیا، اس کے علاوہ بورڈ کے شعبہ جاتی سربراہان سے بھی میٹنگ کی جس میں بورڈ کے جانب سے شائع ہونے والے کتابوں کے متعلق بریفنگ دی گئی اور ہدایات دیں کہ سینئر اور نوجوان ادیبوں اور شاعروں سے رابطہ کرکے بورڈ کے شایع ہونے والے تینوں رسالوں کے لیے تحریری مواد حاصل کیا جائے۔