پنجاب پولیس اہلکاروں اور افسران کی ڈیوٹی کے علاوہ لانگ مارچ میں شرکت پر پابندی

کوئی بھی ماتحت افسر اور اہلکار لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنے گا‘ احکامات کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا۔ قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ نے احکامات جاری کردیے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 نومبر 2022 18:38

پنجاب پولیس اہلکاروں اور افسران کی ڈیوٹی کے علاوہ لانگ مارچ میں شرکت ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 نومبر 2022ء ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کنور شاہ رخ نے اہلکاروں اور افسران پر لانگ میں شرکت پر پابندی عائد کردی، سی سی پی او لاہور سمیت تمام افسران کو مراسلہ ارسال کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی ماتحت افسر اور اہلکار لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنے گا، احکامات کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ احکامات نہ ماننے والوں کو کسی قسم کی معافی نہیں ملے گی، تمام اہلکار اور افسران لانگ مارچ ڈیوٹی کے دوران یونیفارم کے تقدس کو قائم رکھیں پولیس کی گاڑیاں لانگ کے شرکاء کے لیے استعمال نہیں ہوگی گاڑیوں کا استعمال صرف مارچ کی سکیورٹی کے لیے کیا جائے گا پولیس اہلکار لانگ مارچ کے شرکاء کے ساتھ کسی قسم کی تصویر یا ویڈیو شیئر نہیں کریں گے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لانگ مارچ کی وفاقی دارالحکومت میں انٹری روکنے کیلئے اسلام آباد پولیس نے بھی تیاریاں مکمل کرلیں، اسلام آباد پولیس نے مطاہرین سے مختلف طریقوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے، سکیورٹی اہلکاروں کو 50 ہزار آنسو گیس شیل اور 500 سے زائد گنز دے دی گئیں، 500 ربر گنز،37 ہزار کارتوس،17 پیپر گنز اور 11 ہزار پیپر بال بھی فراہم کر دئیے گئے، مظاہرین کی نشاندہی اور گرفتاری کیلئے ٹیموں کو اسپرے پینٹ بھی دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرز اور سندھ پولیس کے اہلکار کو بھی الرٹ رکھا جائے گا، اسلام آباد پولیس کے علاوہ 5 ہزار رینجرز اہلکار بھی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، جب کہ سندھ پولیس کے 5 ہزار اہلکار بھی اسلام آباد پولیس کی معاونت کریں گے، 4700 ایف سی اہلکار بھی اسلام آباد میں مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے، افسران سمیت اسلام آباد پولیس کے 3 ہزار اہلکار ایک شفٹ میں ڈیوٹی دیں گے۔