آئندہ عام انتخابات میں ضلع جہلم کے عوام ہمیشہ کی طرح شکست خوردہ عناصر کو مسترد کردیں گے ،شاہد خاقان عباسی

منگل 22 نومبر 2022 22:55

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2022ء) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ کے مرکزی رہنماء شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ کہا کہ مسلم لیگ ن حقیقی معنوں میں عوامی جمہوری جماعت ہے،ضلع جہلم ہمیشہ سے ہی میاں نوازشریف کے چاہنے والوں کا ضلع رہا ہے اور مسلم لیگ ن کا مضبوط قلعہ ہے،مسلم لیگ ن کے قلعے کو فتح کرنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،ضلع جہلم کے عوام ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی شکست خوردہ عناصر کو مسترد کردیں گے اور مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔

جہلم میں مقامی میرج ہال میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جہلم میں مسلم لیگ ن کی مخلص قیادت ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے اور ممبران اسمبلی و پارٹی عہدیداروں نے بھرپور طریقہ سے ورکرز کنونشن میں شرکت کرکے کنونشن کو کامیاب بنایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم مسلم لیگ ن کا نا قابلِ تسخیر قلعہ ہے اور حسب سابق روایت 2023 میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن قومی و صوبائی نشستوں سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

ورکر کنونشن کی کامیابی پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ ن کے سالارِ قافلہ چوہدری ندیم خادم، چوہدری لال حسین، چوہدری راشد گھرمالہ کو مبارک باد پیش کی ۔ورکرز کنونشن میں کارکنوں کی کثیرتعداد موجود تھی۔ورکرز کنونشن سے ملک ابرار حسین، بلال اظہر کیانی، سابق ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری ندیم خادم، سابق ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری لال حسین، ضلعی صدر چوہدری بوٹا جاوید، تحصیل صدر چوہدری راشد گھرمالہ سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔\378