Live Updates

جی ایچ کیو نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراونڈ میں لینڈنگ کی اجازت دے دی

جی ایچ کیو کے این او سی کے بعد وفاقی حکومت کے پاس ہیلی کاپٹر کی آمد و روانگی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں۔پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 24 نومبر 2022 15:55

جی ایچ کیو نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراونڈ میں لینڈنگ کی اجازت ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 نومبر 2022ء ) جی ایچ کیو نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے لیے پریڈ گراونڈ میں لینڈنگ کی اجازت دے دی۔پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کا کہنا ہے کہ جی ایچ کیو نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے لیے پریڈ گراؤنڈ میں آمد و روانگی کی اجازت دے دی۔پی ٹی آئی کو بھی باضابطہ طور پر جی ایچ کیو کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو کے این او سی کے بعد وفاقی حکومت کے پاس ہیلی کاپٹر کی آمد و روانگی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں۔
وفاقی حکومت کے الرٹس کے مطابق عمران خان کی سلامتی کو خطرات ہیں، پرامن لانگ مارچ میں بحفاظت شرکت کیلئے ہیلی کاپٹر کا استعمال اہم ہے، جی ایچ کیو کے مراسلے کے بعد وفاقی حکومت بہانہ سازی ترک کرے، عمران خان 26 نومبر کو بذریعہ ہیلی کاپٹر راولپنڈی پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دے رکھی ہے اور پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کا ہیلی کاپٹر پریڈ گراؤنڈ میں اترنے کے لیے عدالت میں بھی درخواست دائر کر رکھی تھی۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا جاری بیان میں اسد عمر نے کہا کہ سب آگاہ ہیں کہ عمران خان کو شدید سیکیورٹی خطرات ہیں، جلسہ گاہ آمد پر عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ میں اترنے کی اجازت دی جائے۔

اسد عمر نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ میں اترنے کی اجازت میں انتظامیہ تاخیر کر رہی ہے، امید ہے اسلام آباد ہائیکورٹ اس سلسلے میں جلد فیصلہ کرے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد عامر فاروق نے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ چاہتے ہیں ہم انتظامیہ کو وہ حکم دیں جو ہم نہیں دے سکتے، ہیلی پیڈ سروس فراہم کرنا عدالت کا کام نہیں ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات