Live Updates

تعمیر و ترقی دھرنوں اور نعروں سے نہیں ہوتی،وزیرا عظم

رونے دھونے اور تماشہ لگانے سے کچھ نہیں ہو گا،جب تک سیاسی استحکام نہیں آتا ہم آگے نہیں بڑھ سکتے،شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 5 دسمبر 2022 15:18

تعمیر و ترقی دھرنوں اور نعروں سے نہیں ہوتی،وزیرا عظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 05 دسمبر 2022ء) وزیرا عظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تعمیر و ترقی دھرنوں اور نعروں سے نہیں ہوتی،ہمیں اختلافات اور ذات سے بالا تر ہو کر آگے بڑھنا چاہیے۔جب تک سیاسی استحکام نہیں آتا ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ وزیرا عظم شہبازشریف نے منگلا پن بجلی کے یونٹ 5 اور6 کی ریفریشمنٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ رونے دھونے اور تماشہ لگانے سے کچھ نہیں ہو گا،ہمیں محنت کرنا ہو گا۔

قول و فعل میں تضاد کے عمل کو ختم کرنے کر کے ہمیں ملک کیلئے آگے آنا ہو گا۔پاکستان مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے،ہمیں اربوں کی گندم درآمد کرنا پڑ رہی ہے۔ہم خیرات کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں بلکہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر دنیا سے انصاف چاہیے۔

(جاری ہے)

وزیرا عظم کا کہنا تھا کہ جنگ کے باعث تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔انہوں نے منگلا پن بجلی کے یونٹ 5 اور6 کی ریفریشمنٹ منصوبے میں امریکی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منگلا پن بجلی ریفریشمنٹ منصوبے میں تعاون پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات کی مثال ہے۔

سستی بجلی پاکستان کی ضرورت ہے جس کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،اب ہم مہنگی بجلی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔امریکا نے پاکستان کو منصو بے میں مالی تعاون فراہم کیا،پاکستان توانائی کے شعبے میں درپیش چیلنج سے نمٹ رہا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں اختلافات سے بالا تر ہو کر ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کا مقصد صرف اقتدار کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران کا پارلیمانی جمہوریت کے خلاف حالیہ بیان جمہوری نظام پر حملوں کا تسلسل ہے، عمران خان کی سیاست کا مقصد صرف اقتدار کا حصول ہے، چاہے اس کے لئے ملک کی بنیادیں بھی کیوں نہ کمزور کرنی پڑیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات