شیخ الجامعہ سندھ کا کیمپس کا دورہ ، پی سی بی کرکٹ گرائونڈ، حیدر بخش جتوئی پویلین و فٹ بال گرائونڈ کا معائنہ کیا

منگل 3 جنوری 2023 22:27

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2023ء) شیخ الجامعہ سندھ جامشورو پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کیمپس کا دورہ کرکے پی سی بی کرکٹ گرائونڈ، حیدر بخش جتوئی پویلین و فٹ بال گرائونڈ کا معائنہ کیا اور کیمپس کی صفائی ستھرائی، ہریالی و خوبصورتی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کیمپس میں بہترین شجرکاری و صفائی ستھرائی دیکھ کر مختلف شعبوں کے مالیوں و بیلداروں کے کام کو سراہا اور کہا کہ ماحولیات کی بہتری کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت و پودے لگانے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

سب سے پہلے وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو پاکستان کرکٹ گرائونڈ پہنچے، جہاں ڈائریکٹر سپورٹس بوائز اجوید احمد بھٹی ، پلانٹیشن آفیسر منور علی راجڑ، ڈائریکٹر اسٹیٹ رفیق علی بروہی و دیگر متعلقہ حکام نے ان کا خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے گرائونڈ کے چاروں اطراف کی گئی شجرکاری اور میدان کی پچ و ہری گھاس کا تفصیلی جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں وہ حیدر بخش جتوئی پویلین پہنچے، جہاں انہوں نے عمارت کے مختلف حصے گھوم کر دیکھے اور آس پاس کے درختوں، پودوں اور صفائی ستھرائی سمیت وہاں کے فطری حسن کا معائنہ کیا۔ وائس چانسلر نے فٹ بال گرائونڈ کا بھی دورہ کیا اور بیوٹیفکیشن کے کاموں کا معائنہ کیا ۔انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس ،بوائز،کے سٹاف اور مختلف شعبوں کے مالیوں و بیلداروں کے کام کو سراہا اور انہیں شاباشی دی ۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ علامہ آئی آئی قاضی کیمپس کو اچھی حالت میں رکھنے میں جامعہ سندھ کے صفائی، باغبانی و سکیورٹی ونگز کا سب سے بڑا کردار ہے ۔انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ یہاں کام کاج اور ایونٹس کیلئے آنے والا ہر شخص کیمپس کی ہریالی، دلکشی اور صفائی ستھرائی سے متاثر ہو،یہ تب ہوگا جب تمام متعلقہ سیکشنز کا عملہ ملکر محنت جاری رکھے گا اور مادر علمی کو اپنا سمجھے گا ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کو صفائی ستھرائی، ہریالی، باغبانی، سلامتی، فطری حسن و ماحولیات کی بہتری کے حوالے سے دیگر جامعات کیلئے رول ماڈل بنایا جا ئے گا۔