کراچی میں 21 یا 22 جنوری سے سردی کی نئی لہر آئے گی، محکمہ موسمیات

منگل 17 جنوری 2023 22:17

کراچی میں 21 یا 22 جنوری سے سردی کی نئی لہر آئے گی، محکمہ موسمیات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2023ء) محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو مزید سخت سردی سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں 21 یا 22 جنوری سے سردی کی نئی لہر آئے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 21 یا 22 جنوری سے سردی کی نئی لہر آنے کا امکان ہے، اس دوران شہر قائد کا درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں رہے گا۔ڈائریکٹر میٹ آ فس سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سردی کی نئی لہر ایک ہفتے تک برقرار رہے گی،کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کے باعث ہوگا۔

اس دوران کراچی میں موسم سرد اور خشک رہے گا،17 جنوری کو شہر کا درجہ حرارت 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 32 رہا۔

(جاری ہے)

محکمے کے مطابق بلوچستان میں آئندہ تین دن بارشیں ہوں گی۔ 19 جنوری سے بلوچستان،21 سے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ جب کہ بدھ اور جمعرات کو بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

میٹ آفس کے مطابق مغربی ہوائیں 18 جنوری کو شمالی بلوچستان میں داخل ہوں گی، نئے سسٹم کے تحت کوئٹہ، ڑوب، بارکھان، خ*زیارت، چمن میں بادل برسیں گے، تاہم بارش اور برف باری کا سلسلہ 21 جنوری کو بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔اس دوران ملک کے دیگر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔جاری پورٹ میں کہا گیا ہے کہ 18 اور19 جنوری کو شمالی بلوچستان میں بارش اوربرفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا خدشہ ہے۔ بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت۔ بارش فصلوں اور باغات کے لیے فائدہ مند رہے گی۔ بارش کے دوران اور بعد میں درجہ حرات میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔#