فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں ا ب تک صحت سہولت کارڈ سے 3لاکھ 38ہزار خواتین نے سیزیرین آ پریشن کی مفت سہولت حاصل کی،ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ

جمعرات 19 جنوری 2023 14:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2023ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ نے بتایاکہ صحت کارڈ کے ذریعے شہریوں کے مفت علاج معالجہ کا سلسلہ بھر پور طریقے سے جاری ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے ہر بالغ شہری کے قومی شناختی کارڈ کو ہی صحت سب کیلئے پروگرام کے تحت قومی صحت کارڈ کا درجہ دیدیاگیا ہے لہٰذاقومی صحت کارڈ سے مستفید ہونے کیلئے 18سال سے زائد عمر کے افرادجلد از جلد اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ جبکہ 18سال سے کم عمر بچوں کے والدین ان کا ب فارم بنوا لیں۔

اے پی پی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ شہری مذکورہ کارڈ پر مفت علاج معالجہ کی سہولت کے حصول کے حوالے سے اپنی اہلیت جاننے کیلئے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8500پر ایس ایم ایس کریں تاکہ انہیں فوری علاج معالجہ کی سہولت میسر آسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے اس ضمن میں ایک ٹال فری ہیلپ لائن نمبر 0800-09009بھی شروع کر رکھی ہے جہاں پیر سے جمعہ کے ایام میں صبح 9سے شام 5بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ حکومتی احکامات کی روشنی میں قومی صحت کارڈ کے حصول کیلئے کسی طرح کی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں بلکہ پنجاب کا مستقل رہائشی ہونے کی صورت میں ہر شہری کا شناختی کارڈ ہی اس کا قومی صحت کارڈ ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے صحت سہولت کارڈ سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت صوبہ بھر میں اب تک نیا پاکستان صحت سہولت کارڈ کے ذریعے 86ہزار 900سے زائد خواتین نے نارمل ڈلیوری جبکہ 3لاکھ 38ہزار سے زائد خواتین نے سیزیرین آ پریشن کی مفت سہولت سے استفادہ کیا اسی طرح صوبہ بھر میں ابھی تک 47ہزار 300سے زائد افراد نے صحت سہولت کا رڈ پر ہرنیہ کے مفت آ پریشن کروائے۔

انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں ابھی تک 50ہزار 800سے زائد مریضوں نے صحت سہولت کارڈ کے ذریعے مفت کیمو تھراپی کروائی جبکہ صوبہ میں اب تک 39ہزار سے زائد دل کے امراض میں مبتلا مریض انجیو گرافی و انجیو پلاسٹی کی مفت سہولت سے بھی مستفید ہو چکے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں شہریوں کو فوری علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن،نادرا اور دیگر محکموں کو آپس میں مربوط کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو قومی صحت کارڈ کے ذریعے بر وقت مفت علاج معالجہ کے سلسلہ میں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔