فواد چوہدری کی گرفتاری کیخلاف درخواست،آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب 6 بجے طلب

یہ باتیں چھوڑیں پہلے بتائیں فواد چوہدری کہاں ہے؟ لاہور ہائیکورٹ کے ریمارکس

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 25 جنوری 2023 15:18

فواد چوہدری کی گرفتاری کیخلاف درخواست،آئی جی اسلام آباد اور آئی جی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2023ء ) فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت،لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب کو چھ بجے طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست پر سماعت کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ عدالتی حکم کی تعمیل کر دی گئی،آپ کا آرڈر آگے پہچا دیا گیا،عدالت نے قرار دیا کہ یہ باتیں چھوڑیں پہلے بتائیں فواد چوہدری کہاں ہے؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری پنجاب پولیس کے پاس ہے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ کوئی بات نہیں پہلے بندہ پیش کریں،لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب کو چھ بجے طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور کی مقامی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا راہداری ریمارنڈ منظور کر لیا ، کینٹ کچہری کی عدالت نے تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری کا طبی معائنہ کروا کر اسلام آباد لے جایا جائے، فواد چوہدری کا سروسز ہسپتال سے میڈیکل کرایا جائے، اس کے بعد اسلام آباد کا سفر 3 سے 4 گھنٹے پر محیط ہے، اس لیے فواد چوہدری کو آج ہی اسلام آباد کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

بتایا گیا کہ لاہور کینٹ کچہری میں فواد چوہدری کے راہداری ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو عدالت میں پیش کیا گیا، فواد چوہدری کے وکلا بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے، تفتیشی افسر نے مقدمے کی کاپی اور فواد چوہدری کی گرفتار کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔ اس موقع پر فواد چوہدری نے فاضل جج سے استدعا کی کہ مجھے ایف آئی آر کی کاپی دی جائے اور میرا میڈیکل کرانے کا حکم دیا جائے، جس پر عدالتی حکم پر فواد چوہدری کو ایف آئی آر کی کاپی دے دی گئی اور عدالت نے گرفتار پی ٹی آئی رہنماء کا میڈیکل کروانے کی استدعا بھی منظور کرلی۔

عدالت نے فواد چوہدری کو اسلام آباد لے جانے کی اجازت دے دی۔سماعت مکمل ہونے پر پولیس رہنما تحریک انصاف کو کینٹ کچہری سے لے کر روانہ ہو گئی۔