ہندوتواکے نظریہ پر عمل پیرا ہندوستان مقبوضہ کشمیر کو ہضم نہیں کر سکتا،چوہدری محمد رفیق نیئر

کشمیری اسلام کی سربلندی، پاکستان کی سلامتی، سا لمیت، استحکام ،تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے ، معاون خصوصی اطلاعات آزاد کشمیر

بدھ 25 جنوری 2023 18:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2023ء) آزادکشمیر کے معاون خصوصی برائے اطلاعات،ماحولیات و سمال انڈسٹریز کارپوریشنزچوہدری محمد رفیق نیئر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام تحریک آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں،کشمیری عوام اسلام کی سربلندی، پاکستان کی سلامتی، سا لمیت، استحکام اور تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے اور کامیابی کے حصول تک یہ جد جہد جاری رہے گی۔

پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی امداد سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 26جنوری بھارتی یوم جمہوریہ کے حوالہ سے اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کا موقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے جس میں کوئی ابہام نہیں ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع اور بامقصد مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کیلئے وہی حل قابل قبول ہو گا جو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہو گا اور یہی اس کا دیر پا اور پائیدار حل ہو گا۔

ہندوتواکے نظریہ پر عمل پیرا ہندوستان مقبوضہ کشمیر کو ہضم نہیں کر سکتا۔ کشمیریوں کی تحریک اپنے منطقی انجام تک پہنچ کر ہی دم لے گی۔