سردارتنویرالیاس سے ''نلتر آئس سپورٹس چمپئن شپ''کے کرلنگ مقابلہ جات میں گولڈ میڈلز جیتنے والے نوجوانوں کے وفد کی ملاقات

جمعرات 26 جنوری 2023 20:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2023ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے گلگت بلتستان میں ہونے والی''نلتر آئس سپورٹس چمپئین شپ''کے کرلنگ مقابلہ جات میں گولڈ میڈلز جیتنے والے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔وفد میں سیکرٹری جنرل آزاد کشمیر ونٹر سپورٹس ایسوسی ایشن عقیل خورشید،فیمیل ٹیم کیپٹن بشری جاوید، سارہ ندیم، فاطمہ ندیم، راشدہ بشیر، مہرین احمد، مصباح شاہ اور میل ٹیم کیپٹن زاکر زمان، مظہر زمان، عتیق الرحمن، ساجد علی، رفاقت منظور، طاہر خورشید شامل تھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے نوعمر بچوں کی بہترین پرفارمنس پر انہیں شاباش دی اور بھر پور حوصلہ افزائی بھی کی،وزیر اعظم نے وفد میں شامل نو عمر کھلاڑیوں کیلئے 6 لاکھ روپے نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزاد کشمیر نے تمام کھلاڑیوں کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تمام کھلاڑیوں میں پچاس ہزار روپے فی کس جبکہ ٹیمز کوچ کو ایک لاکھ بطور انعام دے کر انکی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ٹیم میں شامل ایس او ایس ویلج ڈڈیال سے تعلق رکھنے والی نوعمر بچوں اور بچیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد وہاں کا دورہ کریں گے اور ادارے میں زیر تعلیم بچیوں سے ملاقات بھی کریں گے۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے نو عمرکھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں سپورٹس کے وسیع تر مواقعوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، حکومت کھیل کے میدانوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،جدید طرز پر کھیل کے میدان تعمیر کیئے جائیں گے، وارڈر،یونین کونسلز، تحصیل، ضلع اور ڈویثرنز کی سطح پر روایتی کھیلوں سمیت جدید گیمز کے مقابلے کروائے جائیں گے۔

آزاد کشمیر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے،حکومت کھیلوں سمیت تمام شعبہ جات میں باصلاحیت بچوں اور نوجوانوں کی بھر پورمعاونت کرے گی۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل آزاد کشمیر ونٹر سپورٹس ایسوسی ایشن عقیل خورشید نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو درپیش جملہ مسائل سے آگاہ کیا جن میں گنگا چوٹی پر لفٹ کی تنصیب، سکیٹنگ کے اوزاروں کی فراہمی، آزاد کشمیر میں آئس ہاکی سکیٹنگ کے لیے اڑنگ کیل، پیرچناسی، تولی پیر جیسے مقامات پر سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے خطے میں آئس سپورٹس کی ترویج کے لیے سیکرٹری سپورٹس کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گنگا چوٹی سمیت دیگر مقامات پر محکمہ سیاحت سے مل کر لفٹس کو تنصیب کیا جائے تاکہ کھیلوں کیساتھ سیاحت کو فروغ ملے۔سیکرٹری جنرل آزاد کشمیر ونٹر سپورٹس ایسوسی ایشن عقیل خورشید نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو اگلے ماہ گنگا چوٹی میں شروع ہونے والے آئس سکیٹنگ فیسٹیول میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت بھی دی۔ ملاقات کے موقع پر معاون خصوصی وزیر اعظم راجہ سبیل ریاض، سنئیر نائب صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر چوہدری ظفر انور اور ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی و دیگر موجود تھے۔