Live Updates

الیکشن کمیشن یا اس کے سربراہان کو دھمکیاں دینا کسی صورت قابل قبول نہیں،دھمکانے والوں کوقانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا، طلال چوہدری

جمعرات 26 جنوری 2023 22:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2023ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن یا اس کے سربراہان کو دھمکیاں دینا کسی صورت قابل قبول نہیں ۔دھمکانے والوں کوقانون کے کٹہرے میں لانا اور سب جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینا ہوگا۔ اگرالیکشن کمیشن دھمکانے والوں کوقانون کے کٹہرے میں نہ لاسکے تو وہ کیسے فیئر اینڈ فری الیکشن کرواسکتا ہے ۔

جمعرات کی سہ پہرفیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کو گرفتار کروانے کا کوئی شوق نہیں ہے، نہ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے سیاستدان جیلوں میں جا ئیں مگر نہال ہاشمی نے کیا کہا تھا اگر وہ دھمکی تھی تو دونوں کا کلپ چلاکر دیکھ لیں ان میں کوئی فرق نہیں بلکہ فواد چوہدری کی ٹاک میں اس سے بھی زیادہ سخت بات کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہباز 627 دن، سعد رفیق 462 دن، نواز شریف 374 دن، کامران مائیکل 301 دن، شاہد خاقان عباسی 222 دن، شہباز شریف 260 دن، خواجہ آصف 176 دن،مریم نواز 158 دن، احسن اقبال 64 دن، حنیف عباسی 12 ماہ، فواد حسین فواد1 سال، احد چیمہ 3 سال ناجائز گرفتار رہے مگر ان میں سے کسی ایک آدمی کا کوئی قصور نہیں نکلا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ جیلوں میں گل سڑ جاتے تھے اور کہا جاتا تھاکہ ابھی اتنا بڑا کیس نہیں کہ سنا جا ئے، دو دو سال بعد قانون کی آنکھیں کھلتی تھیں تو کہیں سنا جا تا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کو ضمانت ملنے، عدالت لگنے اور انصاف ملنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن جو زیادتیاں ہمارے ساتھ ہوئی ہیں اس پر بھی معافی مانگی جا ئے، اس کا بھی ازالہ کیا جا ئے اور کہا جا ئے کہ ثاقب نثار نے یہ ظلم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے تو بڑے لکی لوگ ہیں جب چاہتے ہیں کہتے ہیں کہ چیف جسٹس صاحب سوموٹو ایکشن لیں، عدالتوں کو کہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ انصاف کریں لیکن ہمارے پاس تو یہ سہولت ہی نہیں تھی ہمارے سامنے تو ثاقب نثار تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک عوامی لیڈر کوبیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کردیا گیا لیکن جو سارا توشہ خانہ کھاگیا،جو سارے کے سارے رنگ روڈاورلاہور کے ماسٹر پلان سے لیکر پاکستان میں ہر قسم کی کرپشن کرے اس کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیدیں اس طرح تو الیکشن تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات