ﷺ بیلہ بس حادثے میں 42 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری سامنے آئی ہے،ترجما ن بلوچستان حکومت

منگل 31 جنوری 2023 20:40

aکوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جنوری2023ء) بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ بیلہ بس حادثے میں 42 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری سامنے آئی ہے حکومت اور انتظامیہ نے تیز رفتاری پر قابو پانے کے لئے ٹریکر سسٹم کو فعال بناتے ہوئے مزید اقدامات اٹھائے ہیں وفاق میں بلوچستان کے 75 ارب روپے ادا کرنے ہیں عدم ادائیگی کی وجہ سے صوبہ مالی بحران کا شکار ہوسکتا ہے وفاق کی جانب سے ادائیگی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیراعلی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ترجمان حکومت بلوچستان نے پشاور دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیلہ بس کا سانحہ دلخراش واقعہ ہے اب تک ہونے والی ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ اوور سپیڈ سامنے آئی ہے کیونکہ بس مالکان نے سپیڈ جانچنے کے لئے لگائے جانے والے ٹریکر سسٹم کی کمپنیوں کو ادائیگیاں نہیں کی جس کی وجہ سے ٹریکر سسٹم بند کردیئے گئے تھے ہم نے کوشش کی ہے کہ اب ٹریکر سسٹم کو فعال رکھنے کے لئے تمام بسوں کے روٹ پرمٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے جو بس یا کمپنی ٹریکر سسٹم کو فعال نہیں رکھے گی اس کا روٹ پرمٹ منسوخ کر دیا جائے گا اور ڈرائیوروں کو آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کا اجراممکن بنایا جا رہا ہے بیلہ حادثے کا شکار ہونے والی بس مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے گرفتاری کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وفاق پر مجموعی طور پر 75 ارب روپے واجب الادا ہیں واجبات کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان شدید مالی بحران کا شکار ہوسکتا ہے وفاق بلوچستان کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائے تاکہ صوبے کا مالی مسئلہ گھمبیر صورت حال اختیار نہ کرسکے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قومی شاہراہوں کو دو رویہ بنانے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور جو وزیراعظم نے شاہراہوں کو دو رویہ بنانے کے لئے اعلان کیا اس کا فوری طور پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے موجودہ حکومت نے عوام کی سہولت کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں جس میں ریکوڈک کا منصوبہ اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے اسی طرح ہیلتھ کارڈ کسان کارڈ کا اجرایقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انڈومنٹ فنڈز میں 12 ارب کا اضافہ کیا ہے جس کا مقصد نوجوانو ں کو جدید اور اعلی تعلیم کے حصول کے علاوہ ووکیشنل تربیت کی فراہمی ممکن بنانی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسافر کوچز میں آلات کی فراہمی یقینی بنا کر حادثات کے تدارک کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں اس حوالے محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام بھرپور انداز میں اقدامات کر رہے ہیں