پشاور پولیس لائنز دھماکہ ‘ سکندر شیرپاؤ کی شہداء کے گھر آمد

پولیس لائن میں رونما ہونے والا سانحہ پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ سے کم نہیں‘ گفتگو

بدھ 1 فروری 2023 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2023ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ پولیس لائن پشاور دھماکہ کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کیلئے ان کی رہائش گاہوں پر گئے جہاں پر انھوں نے غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ملاقاتیں کی اور اس دل دہلا دینے والے واقعہ پر ان کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہداء کی درجات کی بلندی اور اس سانحہ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

انھوں نے کہا کہ پشاور کے پولیس لائن میں رونما ہونے والا سانحہ پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ سے کم نہیں۔دریں اثناء شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی 48ویں برسی کے مناسبت سے 13فروری کو منعقد ہونے والاجلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں حلقہPK-59میں پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 13فروری کو بھرپور قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا کارکن ابھی سے تیاریاں شروع کرے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ شہید قائد کی برسی پچھلے سالوں کی طرح اس سال بھی شان و شوکت اور جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے اور پارٹی کارکن اپنے شہید لیڈر کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔انھوں نے کہا کہ حیات شہید نے پختون دھرتی کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی زندگی وقف کررکھی تھی اور اسی جدوجہد کے دوران جام شہادت بھی نوش کیا۔ انھوں نے کہا کہ شہید قائد نے پسے ہوئے طبقات میں سیاسی شعوربیدار کیا اور سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر گلی،کوچوں اور دیہات تک لایا جس کی بدولت عام آدمی کو قومی سیاست میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔

انھوں نے کہا کہ حیات شہید کی شہادت کے بعد آفتاب احمد خان شیرپاؤ جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی حقوق کیلئے شہید قائد کے مشن کوبڑی کامیابی کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں اور ان کی جدوجہد سے عوام کو ایک نیا حوصلہ مل رہا ہے۔