Live Updates

وفاقی حکومت ہو یا نگران سب الیکشن سے فرار کی کوشش کر رہے ہیں،پرویز الٰہی

سیاسی مخالفین کیخلاف مقدمات،گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیوں جاری ہیں،ایف آئی اے اور پولیس کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کا ٹاسک دیا گیا،سابق وزیراعلٰی پنجاب

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 3 فروری 2023 16:18

وفاقی حکومت ہو یا نگران سب الیکشن سے فرار کی کوشش کر رہے ہیں،پرویز الٰہی
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 03 فروری 2023ء) سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ہو یا نگران سب الیکشن سے فرار کی کوشش کر رہے ہیں،عوام پی ڈی ایم اور نگران سیٹ اپ کے اقدامات کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی سے سابق آئی جی پنجاب آفتاب چیمہ نے ملاقات کی،اس موقع پر سابق وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف قومی یکجہتی کی فضا کو سبوتاژ کر رہے ہیں،شہباز شریف کی پالیسی بغل میں چھری منہ میں رام رام ہے،معیشت کو بھی تباہ کیا،امن و امان کی تباہی کے بعد بھی وہی ذمہ دار ہیں۔

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کیخلاف مقدمات،گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیوں جاری ہیں،ایف آئی اے اور پولیس کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کا ٹاسک دیا گیا،شیخ رشید کی گرفتاری اور عامر سعید راں کی گمشدگی لاقانونیت ہے،عدلیہ سے پوری امید ہے کہ وہیں سے ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ آئین واضح ہے کہ الیکشن کا حالات سے کوئی تعلق نہیں،کارکنوں وقت ضائع کے بغیر انتخابات کی تیاری کریں،عمران خان آئندہ چند روز میں پنجاب کی ٹکٹوں کا اعلان کریں گے۔

اسد عمر نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ طے بات ہے کہ 90 روز میں الیکشن کی تاریخ دینی ہو گی،جمعرات کو پنجاب میں الیکشن کا فیصلہ ہوجائے گا،معاشی حالات اس میں آڑے نہیں آ سکتے،آئندہ سماعت پر امید کرتے ہیں فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔ اسد عمر کا یہ بھی کہنا تھا کہ تاریخ یا اس سے پہلے بھی الیکشن ہو سکتا ہے۔

الیکشن کا معاملہ سادہ ہے،عدالت کہہ رہی ہے اسکو پیچیدہ نہ بنایا جائے،اگر گورنر تاریخ نہیں دیتے تو عدالت فیصلہ کر سکتی ہے کہ صدر اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گرفتاریوں میں مصروف ہے،امیدوار میدان میں اتریں اور الیکشن کی تیاری کریں،تمام کارکن وقت ضائع کیے بغیر الیکشن کی تیاری کریں،عمران خان چند روز میں پنجاب کی ٹکٹوں کا اعلان کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات