سود ی نظام معیشت نے پاکستانی معیشت کو ڈبو دیا : امیرالعظیم

پیر 13 فروری 2023 23:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2023ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور امیدوار این اے 135 امیرالعظیم اور امیدوار پی پی 166چوہدری عبدالقیوم گجر نے نواب ٹائون میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام پالیسیاں اب آئی ایم ایف کے کہنے پر بنائی جائیں گی۔ سود ی نظام معیشت نے پاکستانی معیشت کو ڈبو دیا ۔

جانتے بوجھتے کہ سود اللہ اور رسول اللہ ﷺ سے جنگ ہے اور بربادی کا باعث ہے ۔کوئی حکمران بھی یہ نظام ختم کرنے کی کوشش نہیں کررہا ۔ آئی ایم ایف نے اب جو قرض دیا ہے ۔ اس کی شرائط بہت ہی سخت ہیں۔مہنگائی ک چکی میںپسی ہوئی عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈالا جائے گا۔پٹرول ، بجلی ، گیس اور اشیاء خوردو نوش مزید مہنگی ہوں گی۔

(جاری ہے)

غریب عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو جائے گی۔

قومی اثاثوں اور اداروںکی نجکاری کی جارہی ہے۔یہ سارا بوجھ عوام پر ہی ڈالا جائے گا۔ہمارا مطالبہ ہے کہ سودی نظام معیشت، کرپشن اور مہنگائی کا خاتمہ کیا جائے ،پٹرول ، بجلی ،گیس اور اشیاء خوردونوش سستی کی جائیں۔ ذخیروہ اندوزوں اور ملاوت مافیا کے خلاف سخت قانون سازی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔وزیر ،مشیر، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ،جج، جنریل ،بیوروکریسی کی تنخواہیں آدھی اور تمام مراعات بند کردی جائیں۔

وزیر ،مشیر، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ،جج، جنریل ،بیوروکریسی سب کو مفت بجلی، پٹرول ، گیس ،لگثری گاڑیوں،ڈرائیوروں اور نوکر چاکروں کی سہولیات مفت حاصل ہیں۔جتنی بھی زیادہ مہنگائی ہو جائے ان کو کوئی فرق نہیںپڑتا کیونکہ ان کی تنخواہیں بھی لاکھوںمیں ہیں۔مرتا ہے تو غریب مرتا ہے ۔ جو روزانہ چند سو روپے کماتا ہے۔ سارا دن کبھی آٹے کی لائینوں میں، کبھی بل جمع کروانے والی لائنیوں میں کبھی یوٹیلٹی سٹور کے باہر گھی کی خریداری کے لئے لائنوں میں لگا نظر آتا ہے۔

مزدوری کرے گا یا لائنوں میں لگ کر سستا راشن خریدے گا۔ اب بس بہت ہو چکا اب ہر چیز نا قابل برداشت ہو چکی ۔ان تمام مسائل کا حل اسلامی نظام حکومت میں ہے ۔ جس کے لئے صرف جماعت اسلامی کوشش کررہی ہے۔ اس مرتبہ عوام ووٹ جماعت اسلامی کے ایماندار ، با صلاحیت جذبہ خدمت خلق سے سرشار امیدواروں کو دیں۔ گارنٹی دیتا ہوں ملک ترقی کی منزلیں تیزی سے طے کرے گا۔

ہمارے پاس لاکھوں رضا کاروں کی فوج ہے جو اللہ کی رضا کے لئے حکومت میں نا ہونے کے باوجود بھی اپنے ہم وطنوںکی خدمت میں دن رات لگے ہوئے ہیں۔ یتیموں کی کفالت کررہے ہیں، غریبوں کو راشن اور کپڑے دے رہے ہیں ، غریبوں کی بیٹیوںکی شادیاں کروانے کے لئے جہیز گفٹ دے رہے ہیں، بے روزگار نوجوانوں کو بلا سود اور آسان قسطوںپر قرضے دے رہے ہیں۔ بچیوں کا مفت دستکاریاں اور ہنر سکھا رہے ہیں۔

یتیم بچوںکو مفت کتابیں اور فری تعلیم کے لئے مدد کررہے ہیں۔ جب اقتدار میں آئیں گے تو گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کریں گے۔ یکساں نظام تعلیم لائیں گے ۔سودی نظام کا خاتمہ کریں گے۔روز گار دیں گے۔ حکومت میں سادگی کو اپنائیں گے۔ وی وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کریں گے ۔گر عوام نے یہ موقع بھی گنوا دیا تو مایوسی کے علاوہ کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔ ورکرز کنونشن سے محمد جاوید قصوری، ضیاء الدین انصاری اور عامر نثار خان نے بھی خطاب کیا۔