الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 32 حلقوں کو خالی قرار دینے کے نوٹیفکیشن واپس لے لئے، انتخابی شیڈول معطل

جمعہ 24 فروری 2023 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2023ء) الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قومی اسمبلی کے 32 حلقوں کو خالی قرار دینے کے اپنے نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے پنجاب سے قومی اسمبلی کے 27 حلقوں میں جاری انتخابی شیڈول معطل کر دیا ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تین نشستوں پر شیڈول کے مطابق 16 مارچ کو ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے راولپنڈی کے حلقوں این اے 57 راولپنڈی، این اے 59 ، این اے 60، این اے 61، این اے 62، این اے 63 ، جہلم کے حلقہ این اے 67، گجرات کے حلقہ این اے 70، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 87 حافظ آباد، این اے 93 خوشاب، این اے 96 میانوالی، این اے 77 بھکر، این اے 107 فیصل آباد، این اے 109 فیصل آباد، لاہور کے حلقوں این اے 126، این اے 130، این اے 135، این اے 150 خانیوال، این اے 152 خانیوال، این اے 155 ملتان، این اے 156 ملتان، این اے 158 ملتان، این اے 164 وہاڑی، این اے 165 وہاڑی، این اے 177 رحیم یار خان، این اے 187 لیہ کے حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے 27 جنوری 2023 کے شیڈول کے علاوہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر عالیہ حمزہ ملک، کنول شوذب، عندلیب عباس، عاصمہ حدید اور ملیکہ علی بخاری کے حوالہ سے 20 جنوری کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کے حلقہ این اے 52، 53، 54 پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہوتا اس لئے ان حلقوں میں شیڈول کے مطابق انتخاب ہو گا۔