وزیراعظم نے رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کر دی

سحر، افطار و تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ ،ملک کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت جاری

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 22 مارچ 2023 11:12

وزیراعظم نے رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ2023ء) وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کر دی۔وزارت توانائی نے سحر، افطار و تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔وزارت توانائی نے ملک کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سحر ، افطار و تراویح کے اوقات میں بجلی کی فراہمی یقینی ہو گی۔

سحر کے اوقات سے ایک گھنٹہ قبل اور ایک گھنٹہ بعد میں زیرو لوڈ مینجمنٹ ہو گی۔وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ افطار کے اوقات میں ایک گھنٹہ قبل اور 3 گھنٹے بعد زیر لوڈ مینجمنٹ ہو گی۔بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے آپریشن سرکل کی سطح پر کنٹرول روم قائم ہوں گے۔حکام کے مطابق ڈویژن ، سب ڈویژن کی سطح پر شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرانسفامر خرابی کی صورت میں اضافی ٹرانسفارمر اور ٹرالیاں دستیاب ہوں گی۔جبکہ  حکومت اور وفاقی وزیر برائے توانائی پاور ڈویژن انجینئر خرم دستگیر خان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آئیسکو انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں بجلی کی بلاتعطل ترسیل خصوصی طور پرسحر سے1گھنٹہ پہلے اور1گھنٹہ بعد جب کہ افطار سے1گھنٹہ پہلے اور3گھنٹے بعد تک کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

مرکزی کنٹرول روم سے جس میں سینئر افسران اور سٹاف 24گھنٹے موجود رہیں گے 1300سے زائد11 KV فیڈرز اور116 گرڈ اسٹیشنز پر بجلی کی فراہمی اور سسٹم پر آنے والے فالٹس کی بروقت کلیئرنس کی چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان اور آپریشن ڈائریکٹر محمد اسلم خان کی سربراہی میں مانیٹرنگ کی جائے گی۔۔ تمام فیلڈ فارمیشنز کواضافی ٹرانسفارمرز، بجلی کی تاریں، میٹرز، ٹرانسفارمر ٹرالی اور دیگر ضروری میٹریل فراہم کر دیا گیا ہے تا کہ کسی بھی فالٹ یا کمپلینٹ کی صورت میں آنے والے بجلی کے عارضی تعطل کو بغیر کسی تاخیر کے کلیئر کیا جا سکے۔