مشکل حالات سے گزر رہا ہے مگر ہم نے حوصلہ نہیں ہارا ہم حوصلے اور عزم کیساتھ پیارے پاکستان کو مشکلات سے نکال دیں گے،آصف علی زرداری

بدھ 22 مارچ 2023 23:13

مشکل حالات سے گزر رہا ہے مگر ہم نے حوصلہ نہیں ہارا ہم حوصلے اور عزم کیساتھ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2023ء) سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا پیارا پاکستان آج واقعی مشکل حالات سے گزر رہا ہے مگر ہم نے حوصلہ نہیں ہارا ہم حوصلے اور عزم کیساتھ پیارے پاکستان کو مشکلات سے نکال دیں گے، یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے جس آزاد ریاست کی بنیاد رکھتے ہوئے جو نظریہ اور فلسفہ دیااس سے انحراف کی وجہ سے ملک بار بار مشکلات کا رہا ، آصف علی زرداری نے کہا قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے قوم کو متفقہ دستور دیا تھا، 1973 کا آئین آج بھی وفاق کی تمام اکائیوں کے درمیان مضبوط بندہن ہے، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر نے کہا عوام کی منتخب پارلیمنٹ ہی سپریم ہے وہ بااختیار ہے ، آصف علی زرداری نے کہا کہ سارے مسئلے اس وقت پیدا ہوتے ہیں جب پارلیمنٹ کی بالادستی کو ماننے سے انکار کیا جائے۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان بنانے کے لئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے زندگی بھر جدوجہد کی تھی انہوں نے وطن کی آزادی اور خودمختاری پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا تھا، سابق صدر نے کہا ریاست کی رٹ اس وقت بحال ہو سکتی ہے جب آئین پرمن و عن عمل کیا جائے اور عوام کی منتخب پارلیمنٹ کے سامنے سر تسلیم خم کیا جائے۔ آصف علی زرداری نے کہا یہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی عظیم قربانی کا نتیجہ ہے کہ جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے اور قومی اسمبلی تیسری بار عوام کے دیئے ہوئے مینڈیٹ کے مطابق اپنی مدت پوری کر رہی ہے، آصف علی زرداری نے کہا انہیں یقین ہے کہ قائد اعظم کا پاکستان مشکلات سے نکل جائے گا۔