ملتان سلطانز کے منیجر پر1 میچ کی پابندی عائد کر دی گئی

جمعرات 23 مارچ 2023 16:33

ملتان سلطانز کے منیجر پر1 میچ کی پابندی عائد کر دی گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2023ء) ملتان سلطانز کے ٹیم منیجر حیدر اظہر کو ایچ بی ایل پی ایس ایل ضابطہ اخلاق کی لیول 3 کی خلاف ورزی کرنے پر 1 میچ کے لئے معطل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سے جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق حیدر کو آرٹیکل 2.13 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا، جس کا تعلق ایچ بی ایل پی ایس ایل میچ کے دوران کسی کھلاڑی، کھلاڑی کے معاون عملے، امپائر یا میچ ریفری کے ساتھ بدسلوکی سے ہے۔

یہ واقعہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے فائنل کے اختتام کے بعد پیش آیا جب حیدر نے2آن فیلڈ امپائروں سے آمنا سامنا کیا اور ایلکس وارف کو گالی دی۔ حیدر نے میچ ریفری روشن ماہنامے کی جانب سے لگائی گئی پابندی کا مقابلہ کیا لیکن پی سی بی بورڈ روم میں سماعت کے بعد اسے برقرار رکھا گیا۔

(جاری ہے)

روشن مہاناما نے کہا کہ یہ مایوس کن ہے کہ ایک شاندار ٹورنامنٹ ایک ٹیم مینیجر کی بدتمیزی کے ساتھ ختم ہوا، جس کے بعد ان پر1میچ کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

حیدر اظہر کے اقدامات اس خوبصورت کھیل کی اقدار اور روح کے سراسر خلاف تھے اور یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اس بات کو یقینی بناؤں کہ اس طرح کی خلاف ورزیوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ پابندی ایک رکاوٹ کے طور پر کام کرے گی اور ہر کھلاڑی اور کھلاڑی کا معاون عملہ امپائرنگ کے فیصلوں کا احترام کرتا رہے گا اور غیر ضروری اشتعال انگیزی سے گریز کرے گا۔ یہ الزام آن فیلڈ امپائر ایلکس وارف، راشد ریاض، تھرڈ امپائر آصف یعقوب اور فورتھ امپائر فیصل آفریدی نے لگایا۔