Live Updates

حسان نیازی کو کوئٹہ پولیس نے تحویل میں لے لیا

جوڈیشل مجسٹریٹ نے حسان نیازی کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ دیا،حسان نیازی کو 25 مارچ کو کوئٹہ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 24 مارچ 2023 14:41

حسان نیازی کو کوئٹہ پولیس نے تحویل میں لے لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 24 مارچ 2023ء) کوئٹہ پولیس نے حسان نیازی کو تحویل میں لے لیا،حسان نیازی کو 25 مارچ کو کوئٹہ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا،جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے حسان نیازی کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ دیا،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کوئٹہ پولیس نے کوئٹہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کیلئے راہداری ریماںڈ کی استدعا کی۔

یاد رہے کہ حسان نیازی کیخلاف کوئٹہ کے تھانہ ائیر پورٹ میں مقدمہ درج ہے جبکہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی تھی۔

(جاری ہے)

بیرسٹر حسان نیازی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تھا،سیشن عدالت نے حسان نیازی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی۔

عدالت نے حسان نیازی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ حسان نیازی کی جسمانی ریمانڈ پر نظر ثانی کی اپیل مسترد کی گئی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان نے حسان نیازی کی نظرثانی اپیل کی درخواست خارج کی۔ عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کی جانب سے جسمانی ریمانڈ پر نظرثانی اپیل دائر کی گئی تھی۔ جج سکندر خان نے جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی جانب سے حسان نیازی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ خیال رہے کہ پولیس نے حسان نیازی کو توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا،حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کے فیصلے کیخلاف تحریک انصاف کے وکلاء نے احاطہ عدالت میں شیم شیم کے نعرے لگائے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات