جرمن شہر ہیمبرگ میں شوٹنگ، دو افراد ہلاک

DW ڈی ڈبلیو اتوار 26 مارچ 2023 13:40

جرمن شہر ہیمبرگ میں شوٹنگ، دو افراد ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 26 مارچ 2023ء) ابتدائی معلومات کے مطابق جرمن شہری ریاست ہیمبرگ میں ریاستی دفتر استغاثہ کے ذرائع نے بتایا کہ مرنے والے دو افراد میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے۔ اس شخص نے بظاہر پہلے ایک دوسرے شخص پر کئی گولیاں فائر کیں اور اسے قتل کرنے کے بعد اپنے آتشیں ہتھیار کا رخ اپنی ہی طرف کیا اور گولی مار کر خود کشی کر لی۔

پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد موقع پر فوری کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور اس ہلاکت خیز واقعے کے اسباب کے تعین کے لیے چھان بین جاری ہے۔

جرمنی کے کثیر الاشاعت اخبار 'بِلڈ‘ کے مطابق پولیس کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات نصف شب کے قریب اطلاع ملی تھی کہ ہیمبرگ شہر کے علاقے لانگن ہورن میں شوٹنگ میں ایک سے زائد افراد ہلاک یا زخمی ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر پولیس کی دو درجن کے قریب گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

مسیحی عبادت گاہ پر حملہ 'وحشیانہ عمل‘ ہے، جرمن چانسلر

بتایا گیا ہے کہ موقع پر پہنچنے کے بعد پولیس کو شہر کے اس علاقے میں دو رہائشی عمارات کے درمیان ایک فٹ پاتھ پر دو افراد کی لاشیں ملیں۔ دونوں کی موت بظاہر فائرنگ کے نتیجے میں ہوئی تھی۔ اسٹیٹ پراسیکیوٹر کے دفتر کی طرف سے بھی اتوار کی صبح یہی بتایا گیا کہ فی الحال اس دوہری ہلاکت کے اسباب غیر واضح ہیں۔

جرمنی کے شاہدانِ یہوواہ کون ہیں؟

قبل ازیں مارچ کی نو تاریخ کو بھی اسی جرمن شہر میں مسیحیوں کے ایک مذہبی گروپ کے ایک اجتماع میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے چار مردوں اور دو خواتین سمیت کم از کم سات افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

م م / ع س (روئٹرز، ڈی پی اے، اے ایف پی)