سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبر پختو نخوا انتخابات ملتوی کیس کل سماعت کیلئے مقرر

4 رکنی بینچ ساڑھے 11 بجے کیس کی سماعت کرے گا،جسٹس امین الدین بینچ کا حصہ نہیں ہوں گے

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 30 مارچ 2023 16:18

سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبر پختو نخوا انتخابات ملتوی کیس کل سماعت ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2023ء) سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبر پختو نخوا انتخابات ملتوی کیس کل سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس امین الدین کی معذرت کے بعد کل نیا بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ عدالتی عملے نے پڑھ کر سنایا،عدالتی عملے کے مطابق 4 رکنی بینچ کل ساڑھے 11 بجے کیس کی سماعت کرے گا،جسٹس امین الدین بینچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

یاد رہے کہ آج پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ ملتوی کرنے کے خلاف سماعت کرنے والاسپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ ٹوٹ گیا تھا،پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کے حوالے سے کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا تھا تاہم جسٹس امین الدین نے کیس کی سماعت سے انکار کر دیا جس کے بعد سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ ٹوٹ گیا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس امین الدین نے ریمارکس دئیے کہ کل کے حکم کے بعد بنچ کا مزید حصہ نہیں رہ سکتا،سپریم کورٹ میں آج ہونے والی سماعت بھی مؤخر کر دی گئی تھی۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے از خود نوٹس اختیار سے متعلق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ فیصلے کی مخالفت کی تھی، سپریم کورٹ میں حافظ قرآن کو 20 نمبر دینے کے ازخود نوٹس کیس میں جسٹس شاہد وحید نے اپنے اختلافی فیصلے میں لکھا کہ اس کیس میں جن معاملات پر فیصلہ دیا گیا وہ عدالت کے سامنے تھے ہی نہیں۔

سپریم کورٹ میں حافظ قرآن کو 20 نمبر دینے کے ازخود نوٹس کیس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ نے فیصلہ جاری کیا، فیصلہ ایک دو کے تناسب سے جاری کیا گیا۔ جسٹس شاہد وحید نے فیصلے سے اختلاف کیا،اکثریتی فیصلے میں کہا گیا کہ رولز بنائے جانے تک آرٹیکل 184 تھری کے تمام کیسز ملتوی کردیا جائے۔ سپریم کورٹ چیف جسٹس اور دیگر تمام ججز پر مشتمل ہوتی ہے،سپریم کورٹ کے پاس اپنے رولز بنانے کا اختیار ہے۔