پٹرول کی نئی قیمت 293 روپے؟ وزارت خزانہ نے وضاحت کر دی

پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیے جانے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر کی تردید کر دی گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 1 اپریل 2023 23:42

پٹرول کی نئی قیمت 293 روپے؟ وزارت خزانہ نے وضاحت کر دی
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ یکم اپریل 2023ء) پٹرول کی نئی قیمت 293 روپے؟ وزارت خزانہ نے وضاحت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا ایک خبر گردش کر رہی ہے کہ حکومت نے یکم اپریل سے پٹرول اور ڈیزل سمیت تمام پٹرولیم مصنوعات مہنگی کر دیں ، حکومت نے پٹرول 21 روپے مہنگا کر کے نئی قیمت 293 روپے مقرر کر دی، جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 311 روپے مقرر کر دی گئی۔

تاہم اب اس حوالے سے وزارت خزانہ نے وضاحت جاری کی ہے۔ وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیے جانے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر کی تردید کر دی ہے۔ واضح رہے کہ عوام بڑے ریلیف سے محروم رہ گئی، عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے باوجود حکومت کا 2 پٹرولیم مصنوعات سستی نہ کرنے کا فیصلہ۔ اوگرا کی جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اوگرا نے پٹرول 10 سے 12 اور ڈیزل 10 سے 15 روپے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز دی۔ اوگرا نے دوسری تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں۔ سمری موصول ہونے کے بعد وزیر خزانہ نے 15 اپریل تک پٹرول اور ڈیزل سستا نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کا تیل فی لیٹر 10، 10 روپے سستا کر دیا گیا۔

جبکہ ڈیزل کی 298 روپے اور پٹرول کی 272 روپے کی قیمتیں بھی اگلے 15 ایام کیلئے برقرار رہیں گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ قبل ازیں آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی جانب سے تخمینہ لگایا گیا تھا کہ ڈیزل کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر کمی ممکن ہے، اسی طرح پیٹرول کی قیمت 4 سے 5 روپے فی لیٹر تک کم ہو سکتی ہے۔ وجہ یہ بتائی گئی کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ آرہا ہے، اس لیے پاکستان میں یکم اپریل سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی جاسکتی ہیں۔