گورنر نے پورے کراچی کو عید کے دن لنچ اور عید ملن پارٹی کی دعوت دیدی

خدارا کم سے کم تنخواہ 50 ہزار کردیں، سی ایم صاحب نیک نیت انسان ہیں مجھے امید ہے وہ کام کریں گے، کامران ٹیسوری

پیر 17 اپریل 2023 18:29

گورنر نے پورے کراچی کو عید کے دن لنچ اور عید ملن پارٹی کی دعوت دیدی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2023ء) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پورے کراچی کو عید کے دن گورنر ہائوس میں لنچ اور عید ملن پارٹی کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ساتھ میں قوالی بھی ہوگی۔کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 26ویں روزے کی سحری گلزار ہجری اسکیم 33 میں عوام کے درمیان کی۔ اس موقع پر لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا، اجرک، سندھی ٹوپی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ روز سحری کے بعد گلشن معمار سے گورنر ہائوس واپس جارہا تھا تو ایک ایک سڑک دیکھ رہا تھا، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، خراب ہیں وہ ٹھیک کروانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہاں ہیں وہ کنٹریکٹر جو اربوں کے کنٹریکٹ لیکر سورہے ہیں، کل ڈی جی آڈٹ کو بلاوں گا کہ وہ آڈٹ کریں کہ تین سالوں سے سڑکیں کیوں نہیں بنیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ خدارا کم سے کم تنخواہ 50 ہزار کردیں، سی ایم صاحب نیک نیت انسان ہیں مجھے امید ہے وہ کام کریں گے، انہیں گورنر ہائوس میں افطار کرنے کی دعوت دی تھی لیکن وہ طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے نہیں آسکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کو شیشہ، گٹکا، ماوے پر احساس محرومی نے لگایا ہے، جو لوگ بچوں کو ان نشوں پر لگا رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔