کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے بنیادی مسائل ہیں جن کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ‘طاہرمحمود اشرفی

پیر 1 مئی 2023 18:53

کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے بنیادی مسائل ہیں جن کے حل کیلئے عملی اقدامات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2023ء) مسلم امہ کے مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے ، کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے بنیادی مسائل ہیںجن کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے علما اسلام ہر سطح پر نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، سوڈان کے مسئلے پر سعودی عرب کا کردار قابل تحسین اور مشعل راہ ہے، سوڈان میں مستقل جنگ بندی کیلئے تمام ممالک کو سعودی عرب کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ، رابطہ عالم اسلامی کا میثاق مکہ اور پاکستان کے علما کا پیغام پاکستان اسلامی تعلیمات کی حقیقی ترجمانی ہے۔

یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی ، انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد ہی امت مسلمہ کے مسائل کا حل ہے ۔

(جاری ہے)

اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے تمام مذاہب کی قیادت سے بات چیت وقت کی ضرورت ہے۔رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ کا میثاق مکہ اور پاکستان کے مذہبی قائدین کا پیغام پاکستان اسلامی تعلیمات کی حقیقی ترجمانی ہیاور اس سلسلہ میں شیخ الازہر کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کو کسی صورت قبول نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ ایران سعودی عرب اور عرب شام تعلقات کی بحالی سے امت مسلمہ کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے G20 ممالک کی سیاسی اور مذہبی قیادت سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان میں ہونے والے G20کے اجلاس میں شریک نہ ہوں۔ ہندوستان میں جس طرح سے اقلیتوں کے حقوق کو غصب کیا جا رہا ہے اور مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں پر مظالم کیے جا رہے ہیں وہ اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ G20 کے ممالک اور قیادت ہندوستان کو پابند کرے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سمیت ہندوستان میں ہونے والے مظالم کو بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی G20 کے اجلاس کے موقع پر R20 کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں منعقد کرنے کی خواہش پوری نہیں ہو گی ، ہمیں امید اور یقین ہے کہ تمام مذاہب کی قیادت ہندوستان کے اقلیتوں پر مظالم اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی قراردادوں کو سامنے رکھتے ہوئے کسی بھی صورت مقبوضہ کشمیر میں کسی اجلاس کی تائید نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ، سوڈان سے غیر ملکیوں کے انخلا کے حوالے سے سعودی عرب کا کردار قابل فخر ہے ۔

اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم اور تمام دنیا کے اہم ممالک اور قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سوڈان میں جنگ بندی اور معاملات کی اصلاح کیلئے سعودی عرب کا ساتھ دیں۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے حالیہ دنوں میں توہین مذہب کے نام پر ہونے والے بعض مقدمات کے حوالے سے کہا کہ توہین مذہب یا توہین ناموس رسالت کا کوئی بھی مقدمہ تحقیق اور شواہد کے بغیر نہیں ہونا چاہیے ۔

اگر کوئی شخص یا گروہ یا جماعت توہین مذہب یا توہین ناموس رسالت کے قانون کے کو اپنے ذاتی یا سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرتا ہے تو اس پر حکومت کو گرفت کرنی چاہیے ۔ توہین مذہب اور توہین ناموس رسالت کے قانون کا غلط استعمال کسی بھی صورت نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی اس کی اجازت دی جا سکتی ہے۔