دورانِ پرواز مسافر کا انتقال‘ عمان ایئر کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

پرواز مسقط سے بنگلہ دیشی شہر چٹاگانگ جا رہی تھی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈاکٹر نے مسافر کے انتقال کی تصدیق کی

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 مئی 2023 12:43

دورانِ پرواز مسافر کا انتقال‘ عمان ایئر کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 مئی 2023ء ) عمان ایئر کی پرواز کے دوران مسافر کا انتقال ہونے کے باعث طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر عمان ایئر کے طیارے نے مسافر کی طبعیت خراب کے باعث ہنگامی میڈیکل لینڈنگ کی تاہم پرواز میں موجود بنگلہ دیشی مسافر طبعیت خرابی کے باعث انتقال کر گیا، یہ پرواز مسقط سے بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ جا رہی تھی۔

معلوم ہوا ہے کہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈاکٹر نے شلجونی نامی بنگلہ دیشی مسافر کے انتقال کی تصدیق کی، جس کے بعد طیارہ مسافر کی ڈیڈ باڈی کے ساتھ روانہ ہو گیا۔ حال ہی میں قطر کے دارالحکومت دوحہ جانے والی بھارتی پرواز نے اس وقت کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، جب ایک مسافر کی طبیعت ناساز ہونے پر بھارتی ائیرلائن کے طیارے کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی گئی، جس کے لیے بھارتی ائیرلائن کے کپتان نے میڈیکل ایمرجنسی کی اطلاع دی تاہم پرواز کا مسافر طیارے کی لینڈنگ سے قبل ہی دوران پرواز انتقال کرگیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھارت سے بحرین جانے والے 2 طیاروں کی بھی کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی تھی، طیاروں کی کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ ہوئی، دونوں طیارے بھارتی شہر ناگپور سے بحرین جارہے تھے، دونوں پرائیویٹ جیٹ طیارے چینی کمپنی کے تھے، طیاروں کے کپتانوں نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی، لینڈنگ کی اجازت ملتے ہی طیاروں کو اتارا گیا، طیاروں کو ری فیولنگ کیلئے لینڈنگ کی اجازت دی گئی، طیارے 12گھنٹے تک کراچی ایئرپورٹ پر موجود رہے، ری فیولنگ کے بعد دونوں طیارہ واپس بحرین کیلئے روانہ ہوگئے۔