Live Updates

آج پاکستان کا دفاع مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، ہمارا مستقبل بہت روشن اور تابناک ہے، فیلڈ مارشل

بھارت ایک بار پھر دہشتگردی کا سہارا لے رہا ہے، دشمن جان لے آئندہ مہم جوئی کے اثرات انتہائی خطرناک، دور رس و تکلیف دہ ہوں گے، ہر پاکستانی کے خون کا بدلہ لیں گے؛ عاصم منیر کا معرکہ حق کی تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مئی 2026 10:15

آج پاکستان کا دفاع مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، ہمارا مستقبل بہت روشن ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2026ء) چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ آج پاکستان اپنی مؤثر ، ذمہ دارانہ اور غیر جانبدار سفارتکاری کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے، دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطرناک، دور رس اور تکلیف دہ ہوں گے، ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیں گے اور دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے معرکہ حق کی پہلی یادگاری تقریب سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں انہوں نے کہا کہ معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ تعالیٰ کی رضا سے پاکستان، عوام اور مسلح افواج کو ایک بے مثال کامیابی ملی، معرکہ حق دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں حق فتح یاب اور باطل ہزیمت سے دو چار ہوا۔

(جاری ہے)

فیلڈ مارشل کا کہنا ہے کہ بھارت کا خواب ہے کہ وہ پاکستان کو عسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے، اس کا یہ خواب اس کے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے جسے پاکستان کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا، میں معرکہ حق کے تمام شہداء اورغازیوں بالخصوص شہید ہونے والی نہتی عورتوں، بوڑھوں اورمعصوم بچوں کو پوری قوم اور افواج پاکستان کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ہم اپنے شہداء کی قربانی کو امانت ، اپنی طاقت کو ذمہ داری اور اپنی کامیابی کو خدائے بزرگ برتر کا احسان سمجھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور قومی قیادت کا پیغام ہے کہ ملکی خود مختاری، سرحدی سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں، ہندوستان کو اس جنگ کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا جس کی قیمت وہ آنے والے وقتوں تک چکاتا رہے گا، فتح میزائلوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، الحمد اللہ! آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطر ناک، دور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔

سید عاصم منیر کہتے ہیں کہ عصرِحاضراورمستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی جس میں دور تک مار کرنے والےہتھیاروں، ڈرونز، سائبراور آرٹیفشل انٹیلی جنس کا استعمال ہوگا، افواج پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کر دیا گیا ہے، پاکستان کا برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا ایک عظیم سنگ میل ہے، آج پاکستان اپنی مؤثر، ذمہ دارانہ اور غیر جانبدار سفارتکاری کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ کو ناممکن تصور کرتے ہوئے بھارت ایک بار پھر دہشت گردی کی گھنائونی روش کا سہارا لے رہا ہے، افغانستان اپنی سر زمین پر دہشت گردی کے مراکز اور آماجگاہوں کا مکمل خاتمہ کرے، میں پاکستان بالخصوص خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے غیور عوام، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام باہمت اور غیور اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیں گے اور دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہم ہر محاذ پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے، ہماری منزل وہ مقام ہے جس کا خواب ہمارے اسلاف نے دیکھا تھا، پاکستان کا سبز ہلالی پرچم امید کا استعارہ ہے اور اس کی مسلح افواج منظم اور ہر لمحہ تیار ہیں، پاکستانی قوم ہماری طاقت ہے اور ہم قوم کی قوت ہیں، پاکستان کا مستقبل انشاء اللہ بہت روشن اور تابناک ہے، جب حق اور باطل مقابل ہوں تو فتح ہمیشہ حق کا مقدر بنتی ہے، پاکستان کل بھی ناقابل تسخیر تھا اور انشاءاللہ آنے والے وقتوں تک ناقابل تسخیر رہے گا۔
Live آپریشن غضب للحق سے متعلق تازہ ترین معلومات