Live Updates

ایران اور امریکہ بالخصوص ڈونلڈ ٹرمپ کے اعتماد پر انتہائی مشکور ہیں، فیلڈ مارشل

انہوں نے مشکل کام کیلئے پاکستان پر اعتماد کیا، ہم اِس اعتماد پر پورا اُتریں گے، آج دنیا میں ہمارے دستوں کی تعداد ماضی کے کئی ادوار سے زیادہ ہے؛سید عاصم منیر کا معرکہ حق کی تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مئی 2026 11:38

ایران اور امریکہ بالخصوص ڈونلڈ ٹرمپ کے اعتماد پر انتہائی مشکور ہیں، ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2026ء) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ بالخصوص ڈونلڈ ٹرمپ کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے مشکل کام کیلئے پاکستان پر اعتماد کیا، ہم اِس اعتماد پر پورا اُتریں گے۔ معرکہ حق کی پہلی یادگاری تقریب سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران پاکستان کے قومی وقار میں بے مثال اضافہ ہوا، آج عالمی ایوانوں اور بین الاقوامی مجالس میں ہماری قیادت کو عزت و تکریم سے دیکھا جاتا ہے، آج دنیا میں ہمارے دستوں کی تعداد ماضی کے کئی ادوار سے زیادہ ہے، ہماری عسکری صلاحیت اور ٹیکنالوجی پر عالمی اعتماد کی وجہ سے دفاعی برآمدات کو بھی تقویت ملی ہے، معرکہ حق میں فتح کے بعد اقوام عالم نے یہ تسلیم کیا کہ پاکستان اس خطے میں ایک ناقابل فراموش حقیقت اور ناقابل تسخیر طاقت ہے۔

(جاری ہے)

فیلڈ مارشل کا کہنا ہے کہ بھارت کا خواب ہے کہ وہ پاکستان کو عسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے، اس کا یہ خواب اس کے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے جسے پاکستان کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا، میں معرکہ حق کے تمام شہداء اورغازیوں بالخصوص شہید ہونے والی نہتی عورتوں، بوڑھوں اورمعصوم بچوں کو پوری قوم اور افواج پاکستان کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ہم اپنے شہداء کی قربانی کو امانت ، اپنی طاقت کو ذمہ داری اور اپنی کامیابی کو خدائے بزرگ برتر کا احسان سمجھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور قومی قیادت کا پیغام ہے کہ ملکی خود مختاری، سرحدی سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں، ہندوستان کو اس جنگ کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا جس کی قیمت وہ آنے والے وقتوں تک چکاتا رہے گا، فتح میزائلوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، الحمد اللہ! آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطر ناک، دور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔

سید عاصم منیر کہتے ہیں کہ عصرِحاضراورمستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی جس میں دور تک مار کرنے والےہتھیاروں، ڈرونز، سائبراور آرٹیفشل انٹیلی جنس کا استعمال ہوگا، افواج پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کر دیا گیا ہے، پاکستان کا برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا ایک عظیم سنگ میل ہے، آج پاکستان اپنی مؤثر، ذمہ دارانہ اور غیر جانبدار سفارتکاری کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ کو ناممکن تصور کرتے ہوئے بھارت ایک بار پھر دہشت گردی کی گھنائونی روش کا سہارا لے رہا ہے، افغانستان اپنی سر زمین پر دہشت گردی کے مراکز اور آماجگاہوں کا مکمل خاتمہ کرے، میں پاکستان بالخصوص خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے غیور عوام، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام باہمت اور غیور اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیں گے اور دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات