Live Updates

آج دنیا کی سپر پاور پاکستان کا شکریہ ادا کرتی ہے، رانا ثناء اللہ

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت نے پاکستان کا عالمی تشخص مضبوط کیا، پوری قوم کے اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا؛ مشیر وزیر اعظم کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مئی 2026 12:45

آج دنیا کی سپر پاور پاکستان کا شکریہ ادا کرتی ہے، رانا ثناء اللہ
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2026ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آج دنیا کی سپر پاورز بھی پاکستان کے کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس کا شکریہ ادا کر رہی ہیں جبکہ بھارت شکست کے باوجود اب بھی سازشوں میں مصروف ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال کر رہا ہے، تاہم پاکستانی قوم اور سکیورٹی ادارے دشمن کے تمام عزائم ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہاز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت نے پاکستان کا عالمی تشخص مضبوط کیا اور دنیا میں ملک کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے، پوری قوم کے اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور پاکستان کو امن و استحکام کا گہوارہ بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد کی بوہڑانوالی گراؤنڈ میں معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر پہلی سالانی یادگاری تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے اپنے سے دس گنا بڑے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوتے ہوئے، اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور دنیا پر ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر ریاست ہے، جب پاکستانی قوم متحد ہوتی ہے تو بڑے سے بڑا دشمن بھی شکست سے دوچار ہو جاتا ہے۔

وفاقی مشیر کا کہنا ہے کہ معرکہ حق نے پاکستان کو عالم اسلام میں امن کے سفیر کے طور پر ایک منفرد مقام عطا کیا ہے، مسلم ممالک آج پاکستان کی قیادت، اس کی عسکری صلاحیت اور اس کے مصلحانہ کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں جبکہ دنیا کے بڑے ممالک بھی پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتی ہے جن کی مدبرانہ عسکری قیادت میں پاک افواج نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
Live آپریشن غضب للحق سے متعلق تازہ ترین معلومات