Live Updates

سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ گرفتار، نظربند کرنے کا فیصلہ

عمر سرفراز پر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ، اینٹی کرپشن ٹیم نے علی الصبح حراست میں لیا

بدھ 10 مئی 2023 23:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا جنہیں نظربند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق عمر سرفراز چیمہ کو ان کی رہائشگاہ سے علی الصبح گرفتار کیا گیا، عمر سرفراز چیمہ پر بطور گورنر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ میں جعلسازی سے اپنی بہن کو حصہ دلوانے کا الزام ہے۔

ایڈیشنل ڈی جی وقاص حسن کی سربراہی میں اینٹی کرپشن کی ٹیم نے کارروائی کی ۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اینٹی کرپشن کی ٹیم عمر سرفراز چیمہ کو گھر سے گرفتار کرکے لے جایا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فجر کے وقت تقریباً ساڑھے 4 بجے کی گئی کارروائی کے وقت اہل خانہ اینٹی کرپشن ٹیم کے سوال کرتے ہیں کہ عمر چیمہ کو کہاں لے کر جا رہے ہیں، جس پر اینٹی کرپشن ٹیم نے اہل خانہ کو خاموش رہنے کا کہا۔

(جاری ہے)

سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو گرفتار کرنے کے بعد پنجاب پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن وقاص الحسن کے مطابق پنجاب پولیس نے عمر سرفراز چیمہ کے خلاف 7اے ٹی کا مقدمہ درج کیا تھا ۔پنجاب پولیس کی کارروائی کے بعد اینٹی کرپشن کارروائی کرے گی۔ عمر سرفراز چیمہ کو لاہور پولیس کے حوالے کیا گیا ہے ۔بعد ازاں پولیس نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو نظر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے لیے لاہور پولیس نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات