آئندہ دو روز کے دوران آندھی، بارش سمیت ژالہ باری کا امکان ہے،محکمہ موسمیات پنجاب

منگل 16 مئی 2023 17:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2023ء) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)پنجاب نے آئندہ دو روز کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی، بارش سمیت ژالہ باری کا امکان ظاہر کر دیا۔پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ الرٹ میں بتایا گیا کہ منگل کی رات سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو نگی اور 18 مئی تک موجود رہیں گی۔

(جاری ہے)

17 اور 18 مئی کے دوران لاہور ، اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیوپورہ ، نکانہ، گوجرانو الہ، سیالکوٹ ، قصور، اوکاڑہ ، لیہ، کوٹ ادو، ملتان ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بہاولنگر ، خانیوال، پاکپتن ، ساہیوال میں آندھی / جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایاکہ کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں ، آندھی اور بارش کے دوران شہری محفوظ مقامات پر رہنے کو ترجیح دیں اور خراب موسم میں سیاح اور مسافر حضرات غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کرکے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔