متعلقہ شعبے مسافروں کے تمام مسائل اور امور کو میرٹ پر جلد از جلد حل کریں، ایئر وائس مارشل (ر) تیمور اقبال

اتوار 28 مئی 2023 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2023ء) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی(پی سی اے اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ریٹائرڈ تیمور اقبال نے تمام متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی ہے کہ فضائی مسافروں کے تمام مسائل کو میرٹ پر جلد از جلد حل کیا جائے۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز 34ویں ای کچہری کے دوران مسافروں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے متعلقہ شعبوں کو جاری کیں۔

عوام کی شکایات کے ازالے کی غرض سے ہونے والی کچہریوں کے سلسلے میں یہ 34 ویں ای کچہری تھی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سی اے اے تیمور اقبال نے ای کچہری کی صدارت کی۔ ڈپٹی ڈی جی سی اے اے ریگولیٹری، ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز، ڈائریکٹر پرسنل لائسنسنگ، ڈائریکٹر ایچ آر ، ڈائریکٹر ایس کیو ایم ایس ، ڈائریکٹر آپریشنز، ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ، ڈائریکٹر انجینئرنگ سروسز، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ، بھی ای کچہری میں ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

آن لائن ای کچہری کے دوران تقریبا 44 سوالات اور مسائل موصول ہوئے، کچہری کے دوران پائلٹ بننے کے لئے عمر کی حد اور اس کے ضوابط سے متعلق سوالات ہوئے۔ اسلام آباد میں پرسنل لائسنسنگ امتحان کے دوبارہ آغاز، سفر کے دوران 32 انچ کے ایل ای ڈی ٹی وی کی درآمدگی اور اور اس پر ٹیکس، بین الاقوامی سفر کے دوران سامان میں دیسی گھی، مکھن اور سگریٹ کے حوالے سے بھی سوالات کئے گئے۔

ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کے پاکستان آنے کے بارے میں تازہ ترین اپ ڈیٹ، فیصل آباد ایئرپورٹ رن وے پراجیکٹ کی تکمیل اور آپریشنلائزیشن، ایئرپورٹ آمد اور روانگی کے علاقے میں بیٹری سے چلنے والی وہیل چیئرز کے استعمال سے متعلق پالیسی اور ٹینڈرنگ اور بڑے ہوائی اڈوں پر ملاقات اور معاونت کی سہولت کی خدمات کی بحالی کے حوالے سے بھی سوالات کئے گئے۔

اس کے علاوہ برطانیہ کے لئے پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کی بحالی، سول ایویشن ملازمین اور نئی بھرتیوں، ایئر کرافٹ مینٹیننس لائسنس کے اجرا/مسترد سے متعلق شکایات، لاہور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایمریٹس ایئر لائن سے گمشدہ/تاخیر سے پہنچنے والا سامان، فلائی دبئی ایئر لائن کے ذریعے فیصل آباد ایئرپورٹ پر گمشدہ/تاخیر سامان، انڈکشن کے حوالے سے تجاویز اور پالیسی سے متعلق سوال بھی اٹھائے گئے۔

سی اے اے کے سابق ملازمین کی رضاکارانہ بنیادوں پر بطور ٹرینر بھرتی پر پالیسی سے متعلق سوالات اور مشورے، مختلف سی اے اے ٹھیکیداروں کے لئے کام کرنے والوں کی تنخواہ اور کم از کم اجرت(حکومتی پالیسی کے مطابق)سے متعلق مسائل بھی ای کچہری کا حصہ بنے۔ ڈائریکٹر جنرل پی سی اے اے نے موقع پر ہی زیادہ تر سوالات کے جوابات دیئے اور متعلقہ حلقوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے شعبہ سے متعلق معاملات کو میرٹ پر جلد از جلد حل کریں۔ عوام نے اپنی شکایات کے حل کے لئے پی سی اے اے کے اقدام کو سراہا۔ ای کچہری کو پی سی اے اے کے آفیشل فیس بک پیج پر لائیو سٹریم کیا گیا۔