‘ شہر کے کسی علاقے میں بغیر لوڈ شیڈنگ کے بجلی میسر نہیں ، مہنگی بجلی کی وجہ سے مزید بیروزگاری پھیلے گی، تاجر رہنما فیضان راوت

اتوار 28 مئی 2023 22:45

P کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2023ء) معروف سماجی و تاجر رہنما فیضان راوت ایک بار پھر کے الیکٹرک کے معاملے پر عوام کی آواز بن گئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر کے کسی علاقے میں بغیر لوڈ شیڈنگ کے بجلی میسر نہیں،اکثر علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور آنے والے دنوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھے گا۔

فیضان راوت نے کہاکہ مہنگی بجلی کی وجہ سے مزید بیروزگاری پھیلے گی،کے الیکٹرک کی مہنگی بجلی آنے والے دنوں میں معاشی قتل عام کی ذمے دار ہوگی کیونکہ چھپن (56) روپے یونٹ پر انڈسٹری نہیں چل سکتی، مہنگی بجلی کی وجہ سے ہر قسم کی صنعت متاثر ہے، مجھے آگے انڈسٹری ختم ہوتی نظر آ رہی ہے کیونکہ اتنی مہنگی بجلی کوئی بھی افورڈ نہیں کرپا رہا ،یہ نہ گھریلو صارف اور نہ تجارتی صارف کے لیے قابل برداشت ہے۔

(جاری ہے)

فیضان راوت نے کہا کہ سولر انرجی اور ونڈملز کے لیے کے الیکٹرک کو6 سال پہلے کام کرنا چاہیے تھا لیکن انہوں نے صرف فرنس آئل اور گیس پر انحصار کیا جس کی وجہ سے بجلی کے نرخ آسمان پر چلے گئے ہیں۔فیضان راوت نے کہاکہ گھروں کے بل لاکھ لاکھ روپے آرہے ہیں، موجودہ حالات میں عوام کو بینکوں کے ذریعے سبسیڈائز ریٹ پر سولر پینلز دینا چاہیے تاکہ وہ سستی بجلی حاصل کریں، ایک عام آدمی چاہتا ہے کہ اس کو 24 گھنٹے بجلی ملے اور سستی ملے۔

فیضان راوت نے کہا کہ 70 فیصد سے زائد گیس سندھ جنریٹ کرتا ہے اس کے باوجود معاہدے کے تحت 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم نہیں کی جارہی ہے، معاہدے کے مطابق کے الیکٹرک کو گیس فراہم نہیں کی گئی تو ملک میں مہنگائی کا نا تھمنے والا سیلاب آئے گا،کے الیکٹرک کی جگہ کیپٹو پاور کو گیس فراہم کی جارہی ہے جس کے باعث ہمیں مہنگی بجلی ملتی ہے۔