Live Updates

کراچی سے پی ٹی آئی کے دو سابق اراکین اسمبلی کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن ر جمیل احمد خان نے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان اپنے ویڈیو بیان میں کیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 29 مئی 2023 23:14

کراچی سے پی ٹی آئی کے دو سابق اراکین اسمبلی کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 مئی 2023ء) کراچی سے پی ٹی آئی کے دو سابق اراکین اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن ر جمیل احمد خان نے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان اپنے ویڈیو بیان میں کیا۔ کیپٹن ر جمیل خان کا کہنا تھا کے 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتا ہوں، مجھے ان واقعات پر دلی صدمہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف کے تمام عہدوں سے مستعفی ہوتا ہوں میں سابق فوجی ہوں اور میرا بیٹا بھی فوج میں ذمہ داریاں نبھا رہا ہے اس لئے فوج کی توہین قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے سب سے پہلے پاکستان اور میری فوج ہے، میں ملک کے لئے اپنی خدمات کو جاری رکھوں گا لیکن اب میرا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی محمد اسلم خان نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا علان کرتا ہوں۔ اُن کا کہنا تھا کہ جو 9 مئی کو حالات پیدا کیے گئے، سب کی طرح میں بھی ان کی مذمت کرتا ہوں، اس میں جو افراد ملوث تھے، ان گناہ گاروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، پاکستانی ہونے پر فخر ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں،ماضی میں پاک فوج کے تقریبات کا حصہ بنا ہوں، شہدا کی فیملیز اور ماؤں کے جذبات ناقابل بیان ہوتے ہیں کیونکہ وہ اپنے لخت جگر کو ملکی دفاع کے لیئے قربان کردیتے ہیں۔

اسلم خان نے کہا کہ پاک فوج سے ہمیں تحفظ ہے، پاک افواج کے مخالف سمت جانا درست نہیں، پاکستان میں زلزلہ، طوفان یا سیلاب سمیت کوئی بھی قدرتی آفت آجائے،تینوں مسلح افواج ہمارے تحفظ کے لیے میدان میں اترجاتیں ہیں،ہم فوج کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں جب سیاست کرنے آیا تو اس کا مقصد پاکستان کی بقاء اور ترقی تھا، میں کبھی گندی سیاست کا حصہ نہیں بنا،میں نے اپنے حلقے میں کام کیا ہے،پاکستان کی معیشت میں بہتر آرہی تھی مگر اچانک اس میں بریک لگ گیا،میرا ارادہ ہے کہ اپنے ملک ،شہر اور ضلع وسطی کے لیے کام کرتا رہوں،حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ محمد اسلم خان اگست 2018 سے جنوری 2023 تک پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن رہے۔ وہ عام انتخابات 2018 میں پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور پر حلقہ این اے-254 سے قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد قومی اسمبلی کی نشست سے بھی استعفیٰ دیا جسے 17 جنوری 2023 کو قبول کر لیا گیا تھا۔ ملک اسلم خان کا کہنا تھا کہ جو ہوا وہ تمام باتیں سب کے سامنے ہیں اور میں نے یہ فیصلہ کسی دباؤ میں آکر نہیں لیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات