مرتضٰی وہاب میئر کراچی کیلئے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے،بلاول بھٹو

کراچی اور حیدر آباد کے عوام کو پیپلز پارٹی میئر مایوس نہیں کریں گے،چیئرمین پیپلز پارٹی

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 5 جون 2023 17:02

مرتضٰی وہاب میئر کراچی کیلئے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے،بلاول بھٹو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 05 جون 2023ء بلاول بھٹو زرداری نے میئر کراچی کیلئے مرتضٰی وہاب کے نام کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین،ڈپٹی چیئرمین،میئر،ڈپٹی میئر اور ٹاؤنز کیلئے پی پی پی کے تمام نامزد امیدواروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،اب اگلا راؤنڈ جیت کر عوام کی خدمت کریں گے اور بہترین کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلی بار ہم پر اعتماد کرنے کیلئے حیدرآباد اور کراچی کا شکریہ ادا کرتا ہوں،کاشف شورو اور مرتضٰی وہاب ہمارے دو عظیم شہروں کے پیپلز پارٹی کے میئر ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے کراچی کے میئر کے انتخابی عمل سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ بلدیاتی ایکٹ کے مطابق میئر کا الیکشن شو آف ہینڈ سے ہو گا۔

(جاری ہے)

محکمہ بلدیات کے مطابق میئر کا الیکشن شفاف ہو گا،جو اکثریت حاصل کرے گا میئر اسی کا آئے گا۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے میئر کراچی کے الیکشن سے متعلق محکمہ بلدیات سے وضاحت مانگی تھی۔ جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کیا تھا،میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب 15 جون کو ہو گا،کاغذات نامزدگی 9 سے 10 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے۔ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسر 11 جون کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست 14 جون کو جاری کی جائے گی۔ 16جون کو ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان کریں گے،جبکہ کامیاب امیدوار 19 جون کو حلف اٹھائیں گی۔