بغیرلائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

لائسنس نہ ہونے کی صورت میں 2000 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا

منگل 6 جون 2023 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2023ء) سٹی ٹریفک پولیس نے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی پر پہلے شہری ڈرائیونگ لائسنس طلب کیا جائے گا۔ لائسنس نہ ہونے کی صورت میں پہلے لائسنس کا جرمانہ 2000 ہزار کیا جائے گا۔اب ٹریفک قوانین خلاف ورزی پر ڈبل کوڈ میں جرمانہ ہوسکے گا، شہر میں 70 لاکھ سے زائد گاڑیاں موجود ہیں جبکہ لائسنس صرف 9 لاکھ ڈرائیورز کے پاس ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال بغیر لائسنس 1 لاکھ 35 ہزار 876 ڈرائیورز کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، لرنر پرمٹ رکھنے والے اڑھائی لاکھ سے زائد شہریوں کو وارننگ اور آگاہی فراہم کی گئی۔رواں سال کے دوران 4 لاکھ سے زائد شہریوں کو لائسنس سروسز فراہم کی گئیں۔لرنر پرمٹ رکھنے والے شہریوں کو گاڑی کی اگلی، پچھلی سکرینز پر لرننگ لائسنس کا سائن چسپاں کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کے پاس لائسنس کا ہونا خود اعتماد ڈرائیونگ کی علامت ہے۔لائسنس سروسز کیلئے شہری شناختی کارڈ کے ہمراہ لائسنس دفاتر تشریف لائیں۔