گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے نیشنل پولیس اکیڈمی کے پولیس افسران کی ملاقات

منگل 6 جون 2023 22:32

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن  سے نیشنل پولیس اکیڈمی کے پولیس افسران ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں سپیشللائزڈ ٹریننگ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف سندھ پولیس کے وفد نے ڈی آئی جی پولیس نیشنل پولیس ٹریننگ اکیڈمی محمد نعمان صدیقی کی قیادت میں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پولیس سروس میں نوجوان افسران کی شمولیت خوش آئند ہے اور قوم کو ایسے نوجوان افسروں سے بے پناہ توقعات وابستہ ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پولیس سروس میں نوجوانوں کی شمولیت سے پولیس اور تھانہ کلچر میں بہتری آئے گی اور یہ اہم محکمہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کا فریضہ مزید احسن طریقے سے ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ انصاف کے حصول کے لئے آنے والے لوگوں کے مسائل کو موثر طریقے سے سننے اور ان کی داد رسی کرنے سے پولیس پر ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ ایمانداری اور خوش اخلاقی کو اپنا شعار بنائیں اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بھر پور طریقے سے اپنی خدمات سرانجام دیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کا کردار قابل تعریف ہے جنہوں نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر ملک و قوم کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ۔اس موقع پروفد میں شامل افسران نے گورنر پنجاب سے مختلف سوالات بھی کئے جن کے گورنر پنجاب نے بڑی تفصیل سے جوابات دیئے۔