وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار کی زیر قیادت وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت کا دورہ تخت بھائی

بدھ 7 جون 2023 18:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2023ء) وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا سیاحت کے سربراہ وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہاہے کہ مستقبل قریب میں گندھارا سیاحت کا فروغ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کا باعث بنے گا، انہوں نے ٹاسک فورس کے زیر اہتمام مردان کے تاریخی قدیمی آثار قدیمہ تخت باہی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ہزاروں سال قبل گندھارا تہذیب کے زمانے میں تخت باہی تعلیم و تربیت کا ایک اہم گہوارہ تھا، آج بھی یہاں پہنچ کر ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے ہم زمانہ قدیم کی کسی یونیورسٹی میں پہنچ گئے ہیں، اس موقع پر انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور نیپال کے سفراء کرام، چین کے پاکستان میں مقیم سٹوڈنٹس، سول سوسائٹی،فارنرز اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش کمار کا مزید کہنا تھا کہ گندھارا تہذیب کا تذکرہ عظیم مہاراجہ اشوک اعظم کا حوالہ دیے بغیر ادھورا ہے جس کے زیر اثر علاقوں میں موجودہ پاکستان، افغانستان اور بھارت شامل تھا، گندھارا دور میں مہاراجہ اشوک کو بدھ مت کو پروان چڑھانے میں ایک سرپرست کی حیثیت حاصل ہے۔ اس موقع پر سفارتکاروں نے اس امر پر اظہارِ مسرت کیا کہ انہیں گندھارا زمانے کے تخت باہی مقدس مقام کے دورے کا موقع ملا ہے جس کی یاترا کرنا دنیا کے ہر بدھا کی خواہش ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمار کی زیر قیادت وزیراعظم ٹاسک فورس اگلے بدھ کو سوات میں واقع بدھا کے آثار قدیمہ کا دورہ کرے گی۔