استحکام پاکستان پارٹی کی تقریب میں فواد کے چہرہ چھپانے پر عون چوہدری کا ردعمل

میں نےچہرہ چھپاتے ہوئے کسی کو نہیں دیکھا ، فواد چوہدری عنقریب سامنے آئیں گے اور وضاحت کریں گے، عون چوہدری

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 8 جون 2023 21:14

استحکام پاکستان پارٹی کی تقریب میں فواد کے چہرہ چھپانے پر عون چوہدری ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون 2023ء) استحکام پاکستان پارٹی کی تقریب میں فواد کے چہرہ چھپانے پر عون چوہدری کا ردعمل آ گیا۔ عون چوہدری نے کہا کہ میں نےچہرہ چھپاتے ہوئے کسی کو نہیں دیکھا ، فواد چوہدری عنقریب سامنے آئیں گے اور وضاحت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری عنقریب سامنے آئیں گے اور وضاحت کریں گے ، چہرہ چھپانے والی ایسی کوئی بات نہیں ۔

عون چوہدری نے مزید کہا کہ چند روز بعد جہانگیر ترین اسلام آبادآئیں گے، مزیدلوگ جماعت میں شمولیت اختیار کرینگے، بہت سارے لوگ جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی زیدی پی ٹی آئی کے بانی رکن میں سے تھے، عامر کیانی 30 سال سے چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ تھے، عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی میں بال سفید کرلیے، یہ لوگ پہلے بھی جیتے تھے، اب بھی الیکشن میں جیت جائیں گے، اپنی محنت سے یہ لوگ جیت کر دکھائیں گے، ہم نے نفرت کی سیاست نہیں کرنی، ہم نفرت کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم ملک کو آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں، ہم سب چاہتے ہیں اپوزیشن اور حکومت مل کر آگے چلے، ملک ترقی کرے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ آج جہانگیر ترین نے پریس کانفرنس میں استحکام پاکستان پارٹی کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ اس تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں فواد چوہدری کو پچھلی صفوں میں بیٹھا دیکھا جاسکتا ہے، وہ اپنے ہاتھوں سے منہ بھی چھپا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور میں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے قیام کے اعلان کے موقع پر سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری مرکزی اسٹیج پر نہیں بیٹھے۔

نیوز کانفرنس کے دوران فواد چوہدری کےلیے مرکزی اسٹیج پر نشست مختص کی گئی تھی۔ فواد چوہدری ہال میں پچھلی نشست پر کچھ دیر سر جھکائے بھی بیٹھے رہے۔ سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ اس جماعت میں علیم خان اور عون چوہدری کے علاوہ تحریک انصاف کے سابقہ رہنما فواد چوہدری، عمران اسماعیل، عامر کیانی، فیاض الحسن چوہان، فردوس عاشق اعوان اور علی زیدی بھی شامل ہوگئے۔