بجٹ سے قبل ملکی معیشت کیلئے ایک اور بری خبر، زرمبادلہ ذخائر مزید گر گئے

سرکاری زرمبادلہ ذخائر ایک مرتبہ پھر 4 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے، مجموعی ذخائر بھی ساڑھے 9 ارب ڈالرز سے کم رہ گئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 جون 2023 21:38

بجٹ سے قبل ملکی معیشت کیلئے ایک اور بری خبر، زرمبادلہ ذخائر مزید گر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2023ء) بجٹ سے قبل ملکی معیشت کیلئے ایک اور بری خبر، زرمبادلہ ذخائر مزید گر گئے سرکاری زرمبادلہ ذخائر ایک مرتبہ پھر 4 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے، مجموعی ذخائر بھی ساڑھے 9 ارب ڈالرز سے کم رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 4 ارب ڈالر کی سطح سے نیچے آگئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق غیرملکی قرضوں کی ادائیگی کا دباؤ برقرار رہنے کی وجہ سے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت 4 ارب ڈالرسے کم ہوگئی۔

2 جون کو ختم ہونے والے ہفتے میں سرکاری ذخائر 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کمی سے 3 ارب 91 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ مرکزی بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے ذخائر کی مالیت 2 جون کو 5 ارب 42 کروڑ 26 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 9 ارب 33 کروڑ 48 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے طوالت اختیا کرنے اور ادائیگیوں کے دباؤ کے باعث جمعرات کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹیں ایک دوسرے کی مخالف سمت میں گامزن رہیں۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان رہی جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔ جمعرات کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا اور انٹربینک مارکیٹ میں سستا ہوگیا۔ جمعرات کو اوپن کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی ڈالر کی پیش قدمی جارہی رہی جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ دوبارہ 5 روپے کے بڑے اضافے سے 305روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کا شکار رہی جس سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 8 پیسے کی کمی سے 286.80روپے کی سطح پر بند ہوئے۔