سکیورٹی فورسز کا ٹانک اور شمالی وزیرستان میں آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے جوانوں نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا جن کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ آئی آیس پی آر

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 1 جولائی 2023 08:14

سکیورٹی فورسز کا ٹانک اور شمالی وزیرستان میں آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جولائی 2023ء ) سکیورٹی فورسز نے ٹانک اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں کامیاب کارروائیوں کے دوران فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف مختلف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث 6 سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 29 اور 30 جون کی درمیانی شب ٹانک کے علاقے منزئی میں پاک فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پاک فوج کے جوانوں نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، فورسز نے مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے ضلع رزمک کے عمومی علاقے میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان ایک اور شدید جھڑپ میں مزید تین دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے علاوہ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ علاقہ میں کسی اور دہشت گردکی موجودگی کا سراغ لگانے اور انہیں ختم کرنے کے لیے علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جا ری ہے، علاقے کے مقامی لوگوں نے کارروائی کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے فوجی دستوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

دو روز قبل سکیورٹی فورسز نے خیبرایجنسی میں دورانِ آپریشن ایک دہشتگرد ہلاک اور 3 زخمی کردیئے، اس سلسلے میں خیبرایجنسی کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، آپریشن میں فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک اور تین زخمی کر دیئے گئے، ہلاک دہشتگرد سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئیں۔