دریائے گنگا بپھرنے سے سیلابی ریلے کے ساتھ مگرمچھ بھی رہائشی علاقوں میں آگئے

محکمہ جنگلات کی جانب سے مگر مچھوں کو پکڑنے کی کوشش جاری،واپس دریا میں چھوڑاجارہا ہے،حکام

بدھ 19 جولائی 2023 15:31

دریائے گنگا بپھرنے سے سیلابی ریلے کے ساتھ مگرمچھ بھی رہائشی علاقوں ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2023ء) بھارت میں مون سون کی بارشوں کی وجہ سے بپھرنے والے دریا گنگا سے سیلابی ریلے میں آنے والے مگرمچھ رہائشی علاقوں میں جاگھسے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ضلع ہریدوار کے علاقے لکسر اور خان پور میں مگر مچھوں کے رہائشی علاقوں میں گھسنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقہ مکینوں کو بارش اور سیلاب کے بعد مگرمچھوں کا خوف ستانے لگا ہے کیونکہ دریائے گنگا میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کے باعث دریا سے سیلابی ریلے میں مگرمچھ آئے ہیں جو پناہ لینے کے غرض سے رہائشی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں۔محکمہ جنگلات کی جانب سے مگر مچھوں کو پکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے اور سیلابی ریلے میں آنے والے مگر مچھوں کو واپس دریا میں چھوڑا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ جنگلات کے مطابق رہائشی علاقوں سے درجن کے قریب مگر مچھوں کو پکڑا گیا ہے جبکہ مگر مچھوں کو پکڑنے کیلئے محکمہ جنگلات نے 25 ملازمین کو لکسر اور خان پور کے علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے جو ہر وقت وہاں موجود رہیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مون سون کی بارشوں کی وجہ سے دریا گنگا میں پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے باعث لکسر اور خان پور کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

دوسری جانب گزشتہ ہفتے نئی دہلی میں بھی جمنا ندی کے بپھرنے کی وجہ سے سیلابی صورتحال کا سامنا تھا جہاں شہر کے بیشتر علاقے، سڑکیں ، تاریخی مقامات اور سپریم کورٹ سمیت ریلیف کیمپ بھی پانی میں ڈوب گئے تھے جبکہ علاقے میں سیلاب کی وجہ سے پینے کے پانی کی قلت کا بھی سامنا تھا اور بعض علاقے تاریکی میں بھی ڈوبے رہے تھے۔