سیالکوٹ، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہیں، حکومت ملک بھر میں وومن ایمپاورمنٹ سینٹرز کا قیام عمل میں لا رہی ہے، خواجہ محمد آصف

ہفتہ 5 اگست 2023 16:37

سیالکوٹ، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہیں،  حکومت ملک بھر ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2023ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک بھر میں وومن ایمپاورمنٹ سینٹرز کا قیام عمل میں لا رہی ہے۔ ہفتہ کو سیالکوٹ کے علاقہ بھڑتھ میں گورنمنٹ وومن ایمپاورمنٹ سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی 55 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے جن میں بہت کم خواتیناپنے اور اپنے خاندان کے لیے روزگار کما رہی ہیں، جب تک یہ تمام خواتین اپنی روزی خود نہیں کمائیں گی ہمارا ملک معاشی مشکلات سے باہر نہیں نکل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت خواتین کو بااختیار بنانا چاہتی ہے جن کے لیے وومن ایمپاورمنٹ سینٹرز کھول رہے ہیں تاکہ ہماری مائیں، بہنیں ، بیٹیاں ان سینٹرز میں جا کر ہنر سیکھیں اور باعزت طریقے سے روزگار کما کر اپنے گھر کی کفالت میں ہاتھ بٹائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ بالخصوص بھڑتھ اور اور اہلیان علاقہ کے لیے یہ ایک نادرموقع ہے جس سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ہماری خواتین کو ہنر سیکھنا چاہیئے۔

انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ وومن ایمپاورمنٹ سینٹر بھڑتھ میں خواتین کو کمپیوٹر کورس، سلائی، کڑھائی، ناظرہ قرآن، ڈرافٹنگ،ربن ورک اور اپیلنگ ورک جیسے ہنر سکھائے جائیں گے جو معاشرے میں باعزت روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اس طرح کے تربیتی سینٹرز کے قیام سے شہر اقبال سے بے روزگاری کاسرے سے خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے جس کے لیے اہم و ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی پوری دنیا میں ہے لیکن پاکستان میں مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے وسائل بہت کم ہیں ، اگر یہ وسائل مہیا کر دئیے جائیں اور ایک خاندان کے تمام افراد کو روزگار فراہم کر دیا جائے اور وہ کام کرنے لگ جائیں تو مہنگائی کا مقابلہ بڑے موثر طریقے سے کیا جا سکتا ہے۔

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی واحد جماعت ہے جس نے پاکستان کی تاریخی خدمت کی ہے اور خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔این اے 66 سے رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی، سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی، پی پی36 سےپاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ا حافظ شاہد کہگ ، سٹی صدر برائے خواتین نصرت جمشید، فیصل جمشید ملک اور (ن) لیگی رہنما رانا عبدالوحید بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔