کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے بھرپور مہم چلائیں گے، راجہ نجابت

منگل 8 اگست 2023 22:20

نوٹنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2023ء) جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہاہے کہ ہم بھارت اورمقبوضہ جموں و کشمیرکی مختلف جیلوں میں نظر بند کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے بھرپور مہم چلائیں گے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے عالمی برادری کو آگاہ کریں گے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راجہ نجابت حسین نے جموں وکشمیر اوورسیز کونسل برطانیہ کی طرف سے ان کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری تنظیم برطانیہ میں تمام ہم خیال افراد اور تنظیموں سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ آئندہ چند دنوں میں برطانوی پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے مختلف شہروں میں لابی پروگرام کا انعقاد کیا جاسکے ۔

راجہ نجابت حسین کو صدر پاکستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پراجاگرکرنے پر ستارہ پاکستان سے نوازا ہے۔

(جاری ہے)

دیگر شرکا ء نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے شہروں میں اپنے ارکان پارلیمنٹ اور کونسلرز کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے مہم کے حوالے سے حکمت عملی بنائیں۔

جموں وکشمیر اوورسیز کونسل برطانیہ کے چیئرمین راجہ جاوید اقبال نے راجہ نجابت حسین کو ستارہ پاکستان کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی اورکشمیر کاز اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم اور انتھک کوششوں کو سراہا۔انہوں نے برطانوی پاکستانی وکشمیری کمیونٹیز کے لیے ان کی خدمات کو بھی سراہا۔ تقریب سے ماسٹر فضل داد،سردار عبدالرحمن،راجہ ایوب،ارشد ایڈووکیٹ،راجہ مظہر زیب،راجہ طاہر سلیم،راجہ محمود اور محمد جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ چوہدری محمد اصغر،چوہدری صغیر کالس،چوہدری ظہیر کالس،چوہدری شوکت اور راجہ بشارت بھی تقریب میں موجود تھے۔