جی ایچ کیو حملہ کیس ، راجہ بشارت اور خالد جدون سمیت 11 ملزمان کی گرفتاری کیلئے عدالت میں درخواست دائر

بدھ 9 اگست 2023 22:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2023ء) تھانہ آر اے بازار پولیس نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب مانیٹرنگ سیل کے ضلعی چیئرمین خالد جدون سمیت 11 ملزمان کی گرفتاری کیلئے عدالت میں درخواست دائر کردی ہے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید محمد الیاس کی عدالت میں دائر درخواست میں مذکورہ ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے گزشتہ روز ڈیوٹی جج کی حیثیت سے درخواست کی سماعت کے بعد عدالت نے معاملہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کو بھجواتے ہوئے قرار دیا کہ چونکہ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت عدالتی تعطیلات کے دوران ڈیوٹی جج صرف ارجنٹ نوعیت کے مقدمات اور درخواستوں کی سماعت کر سکتے ہیں تھانہ آر اے بازار میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7اے ٹی اے کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 353،186،147،148،149اور436کے تحت مقدمہ نمبر708درج کیا تھا جس میں مقدمہ کے تفتیشی انسپکٹر جاوید اقبال نے عدالت میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ راجہ بشارت ، خالد جدون ،راجہ بابر ، راجہ خطیب ، مسلم شہزاد ، ملک عابد ، عاصم بھٹی ، صوفی سلیم ،سرفراز ، ساجد شاہ اور ملک عارف مذکورہ مقدمہ میںمطلوب ہیں جن کی گرفتاری مقصود ہے اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ملک رفاقت نے عدالت سے استدعا کی کہ مذکورہ ملزمان مقدمہ میں نامزد ہیں لہٰذا ان کی گرفتاری کے لئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں جس پر عدالت نے معاملہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کو بھجواتے ہوئے قرار دیا کہ چونکہ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت عدالتی تعطیلات کے دوران ڈیوٹی جج صرف ارجنٹ نوعیت کے مقدمات اور درخواستوں کی سماعت کر سکتے ہیں