بجلی کی قیمت میں 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی

نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی،قیمتیں بڑھانے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 23 ستمبر 2023 11:29

بجلی کی قیمت میں 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 23 ستمبر 2023ء) مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات کم نہ ہو سکیں،صارفین پر پھر بجلی گرا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی،لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کیلئے بجلی مہنگی نے اور مہنگی ہو گئی،بجلی کی قیمت میں 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی۔ نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی۔

بجلی مہنگی ہونے سے عوام پر 146 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا،شہریوں کو اضافی ادائیگیاں 6 ماہ میں کرنا ہوں گی۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اکتوبر 2023ء سے مارچ 2024ء تک ہو گا۔ نیپرا کی جانب سے بجلی کے نرخ میں اضافے کا فیصلہ حکومت کو بھجوایا دیا گیا،قیمتیں بڑھانے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت ہی کرے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کراچی والوں کو بجلی کا 440 وولٹ کا تگڑا جھٹکا دینے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ملک میں بجلی مہنگی ہو جانے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جانے کے باوجود کراچی والوں کیلئے فی یونٹ بجلی کی قیمت 10 روپے سے زائد بڑھائی جا سکتی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے نیپرا کو درخواست دی گئی کہ کراچی کے بجلی صارفین کیلئے بجلی 10 روپے 32 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کر دی جائے۔ درخواست موصول ہونے کے بعد نیپرا کی جانب سے اس معاملے کا سماعت کا آغاز کر دیا گیا۔

وفاقی حکومت نے کراچی کے بجلی صارفین کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کی۔وفاقی حکومت نے 2022-23 کی مختلف سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ مانگا ہے۔ نیپرا حکام کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2022ء کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں47 پیسے اضافہ مانگا گیا،جبکہ جولائی تا ستمبر 2022 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 4.45 روپے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ۔