پولیو وائرس کم قوت مدافعت والے بچوں پر حملہ کرتے ہیں،کراچی اور ہنگو میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، نگران وزیر صحت

پاکستان پولیو لیبارٹری نے کراچی کے علاقہ کیماڑی سے 5 ستمبر کو لیے گئے سیوریج کے نمونے اور 6 ستمبر کو ہنگو سے لیے تھے، ڈاکٹر ندیم جان

منگل 26 ستمبر 2023 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2023ء) نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پولیو وائرس لوگوں کے ساتھ ایک سے دوسری جگہ منتقل ہوتے اور کم قوت مدافعت والے بچوں پر حملہ کرتے ہیں ، کراچی اور ہنگو کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ منگل کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے ضلع کراچی اور خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیو لیبارٹری نے کراچی کے علاقہ کیماڑی سے 5 ستمبر کو لیے گئے سیوریج کے نمونے اور 6 ستمبر کو ہنگو سے لیے تھے، دو نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے اور ان نمونوں میں پایا جانے والا وائرس جنیاتی طور پر افغانستان میں وائرس سے مماثلت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صحت نیکہا کہ وائرس لوگوں کے ساتھ ایک سے دوسری جگہ منتقل ہوتے اور کم قوت مدافعت والے بچوں پر حملہ کرتے ہیں۔انہوں نیوالدین سے اپیل کی کہ اکتوبر میں شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور ان کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی مکمل کرائیں۔وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان پولیو وائرس کے خلاف جنگ میں متحد ہیں۔