Live Updates

پی ٹی آئی رہنماء فرخ حبیب کی ساتھیوں سمیت گوادر سے گرفتاری کی اطلاعات

فرخ حبیب، ان کے بھائی اور دیگر 4 ساتھیوں کو پولیس یونیفارم میں ملبوس ایک شخص اور 7 سے 8 سادہ کپڑوں میں نامعلوم افراد نے آدھی رات کے وقت بغیر کسی وارنٹ کے حراست میں لیا۔ پی ٹی آئی کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 ستمبر 2023 11:34

پی ٹی آئی رہنماء فرخ حبیب کی ساتھیوں سمیت گوادر سے گرفتاری کی اطلاعات
گوادر/لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب کو ساتھیوں سمیت گرفتار کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے علاقہ گوادر سے سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب، ان کے بھائی اور دیگر 4 ساتھیوں کو پولیس یونیفارم میں ملبوس ایک شخص اور 7 سے 8 سادہ کپڑوں میں نامعلوم افراد نے آدھی رات کے وقت بغیر کسی وارنٹ کے حراست میں لیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں قانون کے مطابق تمام زیرحراست افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس حوالے سے تحریک انصاف کے وکلاکو بھی قانونی کاروائی کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ فرخ حبیب کا جرم صرف یہ ہے کہ انہوں نے چیئرمین عمران خان کی حمایت ترک کرنے سے انکار کیا، فرخ حبیب کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ اس سارے فاشزم کے خلاف مضبوط کھڑا رہا، انصاف کا یہ مذاق اب بند ہونا چاہیے، سپریم کورٹ اور دیگر عدالتیں مداخلت کرکے اس طرز عمل کو فوری طور پر روکیں۔

(جاری ہے)

ادھر 9مئی واقعات سے متعلق جناح ہاؤس حملہ سمیت 11مقدمات کا چالان لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمع کروا دیا گیا، پراسکیوشن نے 11مقدمات کا چالان جمع کروادیا، سانحہ 9مئی مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید کو نامزد کیا گیا ہے، اس کے علاوہ چالان میں ڈاکٹر یاسمین راشد ،خدیجہ شاہ ، صنم جاوید سمیت دیگر گرفتار ملزمان میں بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جناح ہاؤس حملہ کیس، عسکری ٹاور حملہ، شادمان تھانہ جلانے کے مقدمے کے چالان کے ساتھ شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کرنے کے مقدمے کا چالان بھی جمع کروادیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات